سعودی ولی عہد کا پاک بھارت کشیدگی دور کرنے کے لیے مذاکرات پر زور

پیر 8 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے ریاض میں ملاقات کے دوران پاک بھارت کشیدگی دور کرنےکے لیے مذاکرات پر زور دیا ہے۔

دفتر خارجہ کی طرف سے جاری مشترکہ اعلامیےکے مطابق دونوں اطراف سے پاک بھارت مذاکرات کی ضرورت و اہمیت پر زور دیا گیا، پاکستان اور بھارت کے درمیان دیرینہ مسائل خصوصاً مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے بھی مذاکرات کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

وزیر اعظم پاکستان اور سعودی ولی عہد کے درمیان ملاقات پر دفتر خارجہ کی جانب سے مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے الصفا پیلس مکہ المکرمہ میں ایک باضابطہ ملاقات کی۔

ملاقات میں سعودی ولی عہد نے وزیر اعظم شہباز شریف کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان  کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا جبکہ وزیر اعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کی غیر متزلزل حمایت اور مہمان نوازی پر سعودی ولی عہد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دوطرفہ تعلقات اور اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

ملاقات پر جاری مشترکہ بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی بات چیت کا محور دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کے راستے تلاش کرنا تھا۔

کاروبار اور سرمایہ کاری میں تعاون بڑھانے کا عزم

ملاقات میں پاکستان کی معیشت میں سعودی تعاون کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان کاروبار اور سرمایہ کاری کے حوالے سے  تعاون بڑھانے کے باہمی عزم کا اظہار کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے پاکستان میں 5 بلین ڈالر مالیت کے نئے سعودی سرمایہ کاری پیکج کے پہلے مرحلے کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔

غزہ کی تشویشناک صورت حال پر تبادلہ خیال

دونوں رہنماؤں نے غزہ کی تشویشناک صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کی علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی تبادلہء خیال کیا۔ انہوں نے غزہ میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں کو روکنے اور انسانی جانی نقصان کو کم کرنے کے لیے بین الاقوامی کوششوں پر زور دیا۔

عالمی برادری اسرائیل پر دباؤ بڑھائے، اعلامیہ

دونوں رہنماؤں نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ اسرائیل پر دباؤ بڑھائیں تا کہ وہ اپنے غیر قانونی اقدامات سے باز آئے اور بین الاقوامی قانون کی پاسداری کرے، دونوں رہنماؤں نے غزہ تک بلا روک ٹوک انسانی امداد کی رسائی کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے سلامتی کونسل اور جنرل اسمبلی کی متعلقہ قراردادوں کے ساتھ ساتھ ’عرب امن اقدام‘ کے عمل کو آگے بڑھانے کی ضرورت پر تبادلہ خیال کیا، جس کا مقصد مشرقی یروشلم کی بطور دارالحکومت پر مبنی ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے ایک منصفانہ اور جامع حل تلاش کرنا ہے۔

وزیر اعظم نے والی عہد کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی

دونوں فریقین نے خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان اور بھارت کے درمیان تنازعات بالخصوص جموں و کشمیر کے تنازع کو حل کرنے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان بات چیت کی اہمیت پر بھی زور دیا، وزیراعظم پاکستان نے سعودی ولی عہد کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت دی جسے ولی عہد نے قبول کرلیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp