کراچی اور ملک کے دیگر حصوں میں داؤدی بوہرہ برادری نے آج عید الفطر کے پرمسرت موقع کواپنی روایتی روحانی اہمیت کے ساتھ منایا، اس سلسلہ میں عید کا مرکزی اجتماع کراچی کی طاہری مسجد میں منعقد ہوا جہاں سخت سیکیورٹی میں عید کی نماز ادا کی گئی۔
ملک میں داؤدی بوہرہ برادری کی اکثریت کراچی میں رہائش پذیر ہیں، جہاں سٹی سینٹر صدر میں واقع عظیم الشان طاہری مسجد کے اطراف میں عید الفطر کے موقع پر ہمیشہ کی طرح رینجرز اور پولیس کی سخت سیکیورٹی فراہم کی گئی تھی۔
عید الفطر رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے اختتام کی علامت کے طور پر داؤدی بوہریوں کے لیے ایک مقدس اور خوش آئند جشن ہے، جس میں وہ دیگر مسمانوں کی طرح اپنے بہترین لباس میں ملبوس ہو کر کمیونٹی کے دیگر افراد کے ہمراہ عید الفطر کے دن فجر کی نماز کے لیے جمع ہوتے ہیں۔
عید کی خصوصی نماز شروع ہونے سے قبل مگر سورج نکلنے کے فوراً بعد بیشتر بوہری روایتی کھڑک سے، جو خشک میوہ جات کے پیسٹ سے بھری ہوئی کھجوریں، ایک طرح کا ناشتہ کرتے ہیں جو افطار کے مترادف ہوتا ہے، جبکہ عید کی نماز اور دعاؤں کے بعد ایک عمومی اجتماع میں برادری کے افراد عید ملے اور ایک دوسرے کو مبارکباد دی۔
داؤدی بوہرہ برادری ایک مقررہ کیلنڈر کی پیروی کرتے ہیں جس کے بارے میں ان کا خیال ہے کہ وہ چاند کے گردشوں کی درست عکاسی کرتا ہے، اسی لیے وہ ہر مہینے کے آغاز کو طے کرنے کے لیے چاند دیکھنے پر انحصار نہیں کرتے۔ ان کے کیلنڈر کے مطابق، رمضان کا مقدس مہینہ گزشتہ روز غروب آفتاب کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا تھا۔