پاکستان کی سعودی عرب کو آئی ٹی اور قابل تجدید توانائی سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت

منگل 16 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خصوصی سرمایہ کاری کونسل کے تحت پاک سعودی عرب مذاکرات کے موقع پر سعودی وفد کو آئی ٹی، قابل تجدید توانائی سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی گئی ہے۔ وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ سعودی عرب سے تعلقات کو مضبوط اقتصادی شراکت داری میں بدلنے کی ضروت ہے۔

پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ (پی آئی ڈی) سے جاری بیان کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ کی مشترکہ سربراہی میں پاک سعودی سرمایہ کاری کانفرنس کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔ اعلیٰ سطح سعودی وفد نے سعودی وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود کی قیادت میں شرکت کی۔

وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل میں سعودی وفد کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔ اسحاق ڈار نے اپنے خطاب میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے تعلقات اور باہمی سٹریٹجک مفادات پر زور دیا۔

وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے دوطرفہ اسٹریٹجک اور اقتصادی شراکت داری کی اہمیت اور تعلقات کو فروغ دینے میں سعودی سرمایہ کاری کے اہم کردار پر روشنی ڈالی۔ ان کا کہنا تھا کہ خصوصی سرمایہ کاری کونسل (ایس آئی ایف سی) پلیٹ فارم کے ذریعے پاکستان کا مقصد سرمایہ کاری کے عمل کو ہموار کرنا اور تیزی سے فیصلہ سازی کو یقینی بنانا ہے۔

اسحاق ڈار نے آئی ٹی اور کان کنی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقعوں کا ذکر کرتے ہوئے سعودی سرمایہ کاروں کو باہمی طور پر فائدہ مند شراکت داری کی دعوت دی۔ ان کا کہنا تھا کہ اہم اقتصادی ترقی اور دیرپا فوائد دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات پر اعتماد کا اظہار ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp