’اقتصادی تعاون اور سرمایہ کاری‘: اعلیٰ سعودی وفد پاکستان کے دورے پر

اتوار 14 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطح کا سعودی وفد 15 سے 16 اپریل 2024 تک پاکستان کا دورہ کرے گا۔

دفتر خارجہ کی جانب سے اتوار کو جاری بیان کے مطابق وفد میں سعودی وزیر پانی و زراعت انجینیئر عبدالرحمان عبد المحسن الفضلی، وزیر صنعت و معدنی وسائل ابراہیم الخوریف، نائب وزیر سرمایہ کاری بدر البدر، سعودی خصوصی کمیٹی کے سربراہ محمد معید التویجری اور وزارت توانائی اور سعودی فنڈ فار جنرل انویسٹمنٹ کے سینیئر حکام شامل ہیں۔

 یہ دورہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیر اعظم محمد بن سلمان کے درمیان مکہ المکرمہ میں ہونے والی ملاقات کے دوران دوطرفہ اقتصادی تعاون کو بڑھانے کے لیے طے پانے والے سمجھوتے پر تیزی لانے کے لیے کیا جا رہا ہے۔

توقع ہے کہ سعودی وفد صدر، وزیر اعظم، وزیر خارجہ اور ہم منصب وزرا، آرمی چیف، ایس آئی ایف سی کی اپیکس کمیٹی سے ملاقاتیں کرے گا۔

اس دورے کا مقصد باہمی تعاون کو فروغ دینے اور باہمی طور پر فائدہ مند اقتصادی شراکت داری کو مثبت سمت بڑھانا ہے۔ سعودی وفد کا دورہ وزیراعظم شہبازشریف کے دورہ سعودی عرب کا تسلسل ہے۔

یاد رہے وزیراعظم شہباز شریف کےحالیہ دورہ سعودی عرب میں سعودی قیادت نے پاکستان میں سرمایہ کاری کی یقین دہانی کرائی تھی۔

واضح رہے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات کے بعد مشترکہ اعلامیے میں پاکستان میں 5 ارب ڈالر مالیت کے سعودی سرمایہ کاری پیکج کا پہلامرحلہ جلد مکمل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp