سعودی وفد کے دورے سے پاکستان کو کیا فوائد حاصل ہوں گے؟

بدھ 17 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے کے لیے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود کی قیادت میں وفد پاکستان کا دورہ کرکے واپس روانہ ہوگیا ہے، اس دورے میں سعودی وفد نے صدر مملکت پاکستان آصف زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور وزیر خارجہ سے ملاقاتیں کیں۔

وی نیوز نے سابق سفیر اور معاشی تجزیہ کاروں سے گفتگو کی اور ان سے یہ جاننے کی کوشش کی کہ سعودی وفد کے اس دورے کی کیا اہمیت ہے، اور اس سے پاکستان کو کیا فوائد حاصل ہوں گے۔

سعودی وفد کا دورہ اہم، پاکستان میں سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا، عبدالباسط

سابق سفیر عبد الباسط نے سعودی وفد کے دورہ پاکستان کے حوالے سے وی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ اس وقت سعودی وفد کا دورہ پاکستان انتہائی اہم تھا، پاکستان کو مڈل ایسٹ ممالک کی جانب سے انویسٹمنٹ کی اشد ضرورت ہے، اس دورے سے عرب اور گلف ممالک کی پاکستان میں سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔

سابق سفیر نے کہاکہ پاکستان اور سعودی کے ہمیشہ سے اچھے تعلقات رہے ہیں، ابھی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے بھی پاکستان کا دورہ کرنا ہے تو ان کے دورے سے قبل اس اعلیٰ سطح کے وفد کی اہمیت اور بھی بڑھ جاتی ہے، محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کے وقت ہونے والے معاہدوں پر بھی اسی وفد نے بات کی ہوگی۔

پاکستان کو سعودی عرب کے وژن 2030 سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے

عبد الباسط نے کہاکہ پاکستان کو سعودی عرب کے وژن 2030 سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے، اس سعودی منصوبے میں پاکستان اور پاکستانیوں کے لیے روزگار کے بہت سے مواقع ہیں، پاکستان میں آئی ٹی انڈسٹری کو کئی گنا ترقی ملے گی، اگر حکومت پاکستان سعودی عرب کے وژن 2030 کے تحت قائم ہونے والے نیوم سٹی کے لیے اپنا کردار ادا کرسکے۔

سابق سفیر عبد الباسط نے کہاکہ سعودی عرب اپنا کردار ادا کرکے جموں و کشمیر کا مسئلہ بھی حل کرا سکتا ہے، سعودی عرب کے پاکستان کے ساتھ ساتھ بھارت کے ساتھ بھی بہت اچھے تعلقات ہیں، اس کے علاوہ افغانستان کے ساتھ اچھے تعلقات کے لیے اپنا کردار ادا کرسکتا ہے۔

پاکستانی حکومت نے سعودی عرب کو 32 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی پیشکش کی، مہتاب حیدر

معاشی تجزیہ کار و سینیئر صحافی مہتاب حیدر کا کہنا ہے کہ سعودی وزیر خارجہ کی قیادت میں سعودی وفد کا دورہ پاکستان کے لیے انتہائی اہم تھا، اس دورے میں پاکستانی حکومت نے سعودی عرب کو پی آئی اے اور ایئرپورٹس کی نجکاری، بھاشا ڈیم سمیت 25 منصوبوں میں 32 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی پیشکش کی ہے۔

مہتاب حیدر کے مطابق سعودی وفد کے دورے کے موقع پر حکومت پاکستان نے سعودی عرب کو پاکستان میں تقریباً تمام شعبوں میں سرمایہ کاری کی پیشکش کی ہے، تعلیم، آئی ٹی، زراعت، مویشی، ریلوے، ڈیم، توانائی، موبائل فون و سمارٹ ڈیوائسز، تانبے اور سونے کے معدنی ذخائر، سولر پارک سمیت دیگر شعبوں کے مختلف منصوبے سامنے رکھے گئے ہیں۔

انسانی وسائل کو ترقی دینے کے لیے 2 کروڑ ڈالر کے منصوبوں کی پیشکش

سینیئر صحافی مہتاب حیدر کے مطابق سعودی عرب کو دیامر بھاشا ڈیم میں ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری، پنجاب میں مویشی پال منصوبے کے لیے انڈسٹریل فیڈ لاٹ فیٹنگ فارم کے لیے 2 کروڑ 54 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی پیشکش کی گئی جس کے تحت سالانہ 6 لاکھ ٹن گوشت حاصل ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ چولستان کے علاقے میں 50 ہزار ایکڑ پر گندم، کینولا، جو اور کپاس کی فصل کے بڑے پیمانے پر کاشت کے منصوبے کی بھی پیشکش کی گئی۔ جبکہ انسانی وسائل کو ترقی دینے کے لیے 2 کروڑ ڈالر کے منصوبوں کی پیشکش کی گئی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp