شیخ رشید نے سیاست چھوڑنے کا اعلان کردیا، اسٹیبلشمنٹ اور پی ٹی آئی سے گلے شکوے

بدھ 24 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے 2 ماہ کے لیے سیاست سے دوری اختیار کرلی، انہوں نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور اپنے عزیز دوستوں سے گلے شکوے کرتے ہوئے کہا کہ اتنا ساتھ دینے کے باوجود لحاظ نہیں رکھا گیا۔ انہوں نے عمران خان کے ساتھ اپنے تعلق کو قائم و دائم رہنے کی بھی بات کی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ آپ کے سامنے ہے بلو رانی کہنے پر مقدمہ کیوں درج کیا گیا، بلو رانی کہنے پر کوئی سزا ہے تو دے دیں، اگر نہیں ہے تو پرچہ خارج کیا جائے۔

انہوں نے مولانا فضل الرحمان سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کہا کہ مولانا فضل الرحمان جوڈو کراٹے کے موڈ میں ہیں ان کو اس وقت موڈ سخت خراب ہے۔

شیخ رشید احمد نے روٹی کی قیمتوں سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت آئی ہی اس لیے ہے کہ تندور چیک کریں، نالے اور نالیاں چیک کریں، صرف 2 مہینے انتظار کریں، اس حکومت کی کارکردگی کھل کر سامنے آجائے گی۔

انہوں نے پی ٹی آئی عہدیداروں سے گلہ کرتے ہوئے کہا کہ میرا ایک عمران خان سے تعلق تھا اور رہے گا، 4 مرتبہ 40،40 دن کا چلہ اپنے عزیز دوستوں کے ساتھ کاٹ کر آیا ہوں، جن کے ساتھ ساری زندگی گزاری، انہوں نے بھی پی ٹی آئی کی طرح میرا لحاظ نہیں کیا، اس بات پر بھی میں خوش ہوں۔

انہوں نے سیاست سے دوری اختیار کرتے ہوئے کہا کہ وہ فیصلہ کرچکے ہیں کہ وہ سیاست سے دور ہو رہے ہیں، آج سے 2 مہینے تک یعنی 30 جون تک وہ سیاست سے دور رہیں گے، انہوں نے کہا کہ دیکھتے ہیں تب سیاست کس کروٹ بیٹھتی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ غریب آدمی کو یہ زندہ مار دیں گے، خون چوس لیں گے، اس کا میٹر کٹ جائے گا، بچہ اسکول سے نکل جائے گا، کیونکہ اس کے پاس زندگی گزارنے کے لیے کچھ بھی نہیں ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp