پاکستان نے انسانی حقوق کی صورت حال پر امریکی محکمہ خارجہ کی رپورٹ مسترد کردی

جمعرات 25 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان نے ملک میں انسانی حقوق کی صورت حال پر امریکی محکمہ خارجہ کی سالانہ رپورٹ کو مسترد کردیا ہے۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ انسانی حقوق کی صورتحال پر 2023 کی کنٹری رپورٹ کو یکسر مسترد کرتا ہے کیونکہ اس رپورٹ کے مندرجات غیر منصفانہ، غلط معلومات پر مبنی اور زمینی حقائق کے برخلاف ہے۔

دفتر خارجہ نے امریکی رپورٹ کی تیاری میں خامیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ رپورٹ میں مقصد اور معروضیت کا فقدان ہے، دوسرے ممالک میں انسانی حقوق کی صورتحال سے متعلق اس طرح کی رپورٹس میں سیاسی طور پر متعصبانہ انداز اختیار کرتے ہوئے انسانی حقوق کی صورتحال کا فیصلہ کیا جاتا ہے۔

پاکستان نے امریکی رپورٹ پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انسانی حقوق کی اس نام نہاد رپورٹ میں غزہ اور مقبوضہ جموں وکشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو نظرانداز کیا گیا۔

دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ایک سیاسی طور پر محرک رپورٹ میں ہی غزہ کی تشویشناک صورتحال، انسانی امداد کے ہتھیاروں اور 33000 سے زیادہ شہریوں کے قتل عام کو نظر انداز کیا جاسکتا ہے۔ غزہ میں جاری نسل کشی پر امریکا کی خاموشی انسانی حقوق سے متعلق کنٹری رپورٹ کے بیان کردہ مقاصد کے خلاف ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ پاکستان اپنے آئینی فریم ورک اور جمہوری اخلاقیات کے مطابق اپنے انسانی حقوق کے فریم ورک کو مضبوط بنانے، بین الاقوامی انسانی حقوق کے ایجنڈے کو فروغ دینے اور بین الاقوامی سطح پر انسانی حقوق کے لیے سرگرم رہنے اور اس کے مقاصد کو برقرار رکھنے کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے۔

دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ اگر امریکا کا انسانی حقوق کی رپورٹ کی تیاری جیسی کسی مشق میں شامل ہونا ضروری ہے تو ہم امریکی محکمہ خارجہ سے یہ توقع کرتے ہیں کہ وہ پیچیدہ مسائل کا جائزہ لیتے ہوئے کم از کم مستعدی سے کام لے اور ایسی رپورٹس کو حتمی شکل دینے میں مقاصد، غیرجانبداری اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرے۔

دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ امریکا کو تمام حالات کے بارے میں سچ بولنے کے لیے مطلوبہ اخلاقی جرأت کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور جہاں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں، وہاں مظالم کے خاتمے کے لیے بین الاقوامی کوششوں کی حمایت میں تعمیری کردار ادا کرنا چاہیے۔

واضح رپے کہ امریکی محکمہ خارجہ نے 2 روز قبل پاکستان میں انسانی حقوق کی صورت حال پر اپنی کنٹری رپورٹ جاری کی تھی جس میں ملک میں انسانی حقوق کی صورتحال کو غیرتسلی بخش قرار دیا گیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp