اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو)، سی آئی اے کراچی نے کارروائی کرتے ہوئے بینکوں سے رقم لے کر نکلنے والے لوگوں کو لوٹنے والا 3 رکنی ڈکیت گینگ گرفتار کرلیا۔
ترجمان نے بتایا ہے کہ ایس آئی یو نے خفیہ اطلاع پر پاور ہاؤس چورنگی، نیو کراچی سے 3 رکنی ڈکیت گینگ کو گرفتار کیا۔
ترجمان کے مطابق ملزمان سے 3 پستول اور 30 راؤنڈ برآمد کیے گئے ہیں، گرفتار گینگ بینکوں سے کیش لے کر نکلنے والے لوگوں سے اسلحہ کے زور پر ڈکیتیاں کرتا تھا۔
مزید پڑھیں
ترجمان کے مطابق ابتدائی تفتیش میں گرفتار ملزمان نے اپنے دیگر ساتھیوں سے مل کر ضلع ساؤتھ، سینٹرل، ایسٹ، سٹی، ملیر، کورنگی اور ویسٹ کے علاقوں اختر کالونی، درخشاں، جمشید کوارٹرز، ٹاور، بکرا پیڑی، گلشن اقبال، ابو الاصفحانی روڈ، سہراب گوٹھ، سائیٹ ایریا، قائد آباد، ملیر، شاہ لطیف ٹاؤن، شاہ فیصل کالونی، اورنگی ٹاؤن و دیگر مقامات پر بینکوں کے باہر ڈکیتیوں کی متعدد وارداتوں کا انکشاف کیا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ ملزمان کا ایک ساتھی بینکوں کے اندر سے بڑی رقم لے کر نکلنے والے لوگوں کی نشاندہی باہر آس پاس موجود اپنے ساتھیوں کو کرتا تھا جو مذکورہ شخص کو مناسب مقام پر اسلحہ کے زور پر لوٹتے تھے۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم نوید کو ایس آئی یو نے سال 2021 میں 3 کروڑ کی پرائز بانڈ ڈکیتی میں اس کے ساتھی فرحان سمیت گرفتار کیا تھا۔ دونوں ملزمان نے جمشید روڈ سے ایک موٹر سائیکل سوار سے 3 کروڑ کے پرائز بانڈ لوٹے تھے جن کو ایس آئی یو نے گرفتار کرکے 2 کروڑ 71 لاکھ روپے کے پرائز بانڈ بھی برآمد کیے تھے۔
ملزمان نے مزید اہم انکشافات بھی کردیے
ترجمان نے مزید بتایا کہ ملزم نوید نے اپنے ساتھی فضل خالق کے ہمراہ جنوری 2024 میں ابوالاصفحانی روڈ پر حبیب بینک لمیٹیڈ سے نکلنے والے شخص کو لوٹا تھا۔ اسی دوران ایس آئی یو ٹیم سے دونوں ملزمان کا مقابلہ ہوا تھا اور فائرنگ کے تبادلے میں ملزم فضل خالق زخمی ہوا تھا۔
ترجمان کے مطابق مزید ملزمان نے شہر کے مختلف علاقوں سے راہگیروں اور موٹر سائیکل سواروں سے بھی متعدد اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں کے انکشافات کیے ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ ناجائز اسلحہ کی برآمدگی پر ملزمان کے خلاف تھانہ ایس آئی یو میں سندھ اسلحہ ایکٹ کے تحت مقدمات درج کیے گئے ہیں۔