دورہ انگلینڈ کے لیے قومی ویمن کرکٹ ٹیم کا اعلان، ندا ڈار کپتان ہوں گی

بدھ 1 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے دورہ انگلینڈ کے لیے 17 رکنی قومی ویمنز ٹیم کا اعلان کردیا ہے۔ جس میں ندا ڈار کپتان برقرار ہیں۔

پی سی بی کی جانب سے کیے گئے اعلان کے مطابق ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم کے خلاف ایک روزہ سیریز میں شامل سدرہ نواز کو ڈراپ کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا حصہ بننے والی 3 کھلاڑیوں عائشہ ظفر، گل فیروزہ اور رامین شمیم کو دورہ انگلینڈ کے لیے ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ویمن ٹیم کے دورہ انگلینڈ کے لیے پہلی بار خاتون چیف سیکیورٹی آفیسر کی تعیناتی عمل میں لائی ہے۔

پاکستان کی ویمن کرکٹ ٹیم اپنے دورہ انگلینڈ کے دوران 3 ایک روزہ جبکہ 3 ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔ ’ ٹی ٹوئنٹی میچز 11 سے 17 مئی کے درمیان جبکہ 23 سے 29 مئی کے دوران ایک روزہ میچز ہوں گے‘۔

قومی ویمنز کرکٹ ٹیم سال 2016 کے بعد اب انگلینڈ کا دورہ کررہی ہے جو 5 مئی کو ٹور کے لیے روانہ ہو جائے گی۔

دورہ انگلینڈ کے لیے پاکستان کے ویمن اسکواڈ میں ندا ڈار کپتان ہوں گی، جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں عائشہ ظفر، عالیہ ریاض، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثنا، گل فیروزہ، منیبہ علی، ناجیہ علوی، نشرہ سندھو، نتالیہ پرویز، رامین شمیم، صدف شمس، سعدیہ اقبال، سدرہ امین، طوبیٰ حسن، ام ہانی اور وحیدہ اختر شامل ہیں۔

واضح رہے کہ ایک روزہ مقابلے آئی سی سی ویمنز چیمپیئن شپ 25-2022 کا حصہ ہیں، یہ چیمپیئن شپ میں پاکستان کی آٹھویں اور آخری سیریز ہوگی۔ پاکستان 10 ٹیموں پر مشتمل آئی سی سی ویمن چیمپیئن شپ میں 16 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر ہے۔ چیمپیئن شپ کی ٹاپ 5 ٹیمیں میزبان بھارت کے ساتھ آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ 2025 کے لیے براہِ راست کوالیفائی کریں گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp