پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی سربراہی کا معاملہ، عمران خان نے مسئلہ حل کرنے کا اختیار شبلی فراز کے سپرد کر دیا

جمعرات 2 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

قومی اسمبلی میں چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی سربراہی کا معاملہ تاحال حل نہ ہوسکا۔ سابق وزیراعظم عمران خان نے چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کے نام پر پارٹی میں اختلافات کے باعث معاملہ سینیٹر شبلی فراز کے سپرد کردیا۔

ذرائع کے مطابق اڈیالہ جیل میں سابق وزیراعظم عمران خان سے جمعرات کو ہونے والی ملاقات میں ایک بار پھر چیئرمین پی اے سی کا معاملہ زیر بحث آیا جس میں ایک رہنما کی جانب سے شیر افضل مروت کو چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نامزد کرنے کی شدید مخالفت کی گئی۔

ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان کو شیر افضل مروت کے نام پر پارٹی میں پائے جانے والے اختلافات سے آگاہ کیا گیا جس کے بعد سابق وزیراعظم عمران خان نے چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا سربراہ نامزد کرنے کا اختیار سینیٹر شبلی فراز کے سپرد کر دیا ہے۔

دوسری جانب ذرائع نے بتایا ہے کہ سینیٹر شبلی فراز نے چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی پی اے سی کے لیے نام فائنل کرنے کے لیے وقت مانگ لیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سینیٹر شبلی فراز پارٹی کے سینیئر رہنماؤں سے اس عہدے کے لیے مختلف ناموں پر غور کریں گے جس کے بعد عمران خان سے ملاقات میں منظوری لی جائے گی۔

ذرائع کا دعویٰ ہے کہ صاحبزادہ حامد رضا کی جانب سے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی سربراہی لینے سے انکار کے بعد شیخ وقاص اکرم چیئرمین پی اے سی کے لیے مضبوط امیدوار ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سینیٹر شبلی فراز پارٹی میں اختلافات کو ختم کرنے کے لیے مشاورت کے بعد حتمی فیصلہ کریں گے جس کی منظوری عمران خان سے لی جائے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp