پاکستانی نوجوان سعودی کمپنیوں کے ساتھ مل کر چھوٹے کاروبار شروع کریں گے، مصدق ملک

پیر 6 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزراء کے ہمراہ سعودی سرمایہ کاری کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر توانائی مصدق ملک نے بتایا کہ پاکستان کےدورے پر آئے سعودی وفد نے پاکستان کی تمام وزارتوں کے ساتھ مل بیٹھ کر جی ٹو جی ریفائنری، پاور، انفراسٹرکچر کے منصوبوں میں سرمایہ کاری پر بات چیت کی ہے۔

مزید پڑھیں

’ہم مدد نہیں تجارت اور کاروبار چاہتے ہیں، پہلے مدد کی بات کی جاتی تھی، اب کاروبار کرنے کی بات کی جاتی ہے، آج سعودی عرب کے کاروباری افراد پاکستان میں موجود ہیں اور پاکستانی کمپنیوں سے بات کر رہے ہیں، اس کے نتیجے میں مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔‘

مصدق ملک کے مطابق پاکستان کے سرمایہ کاروں اور کاروباری افراد کو بھی تجارت میں اپنا حصہ ڈالنے کا موقع ملے گا، پاکستان سعودی وژن 2030ءکے لئے بھی اپنا کردار ادا کرے گا، سعودی عرب کی سرمایہ کاری سے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے،

مصدق ملک نے بتایا کہ 30 سے 35 کے قریب سعودی کمپنیوں کے نمائندے پاکستان آئے ہوئے ہیں، پاکستانی اور سعودی کمپنیاں آپس میں مل بیٹھ کر عالمی سطح پر اپنے کاروبار کو بڑھانے پر بات چیت کر رہی ہیں۔ ’ہم ملک سے مایوسی کا خاتمہ چاہتے ہیں، سعودی کمپنیوں کے ساتھ ایک ایک کوآرڈینیٹر منسلک کیا گیا ہے۔‘

مصدق ملک کا کہنا تھا کہ حکومت نے پاکستان سے سرخ فیتے کے کلچر کے خاتمے کا عزم کیا ہے، پہلے حکومت سے حکومت کے معاہدے ہوئے، اب بزنس سے بزنس کے معاہدے ہوں گے، ہم پاکستان کی معیشت کی مضبوطی کے ایجنڈے پر گامزن ہیں، ہمارے ملک کے نوجوان سعودی کمپنیوں کے ساتھ مل کر چھوٹے کاروبار شروع کریں گے۔

پریس کانفرنس کے موقع پر وزیر تجارت جام کمال کا کہنا تھا کہ دنیا میں معیشت کو اہمیت حاصل ہے، موجودہ دور میں معیشت خارجہ پالیسی کی بنیاد اور قوموں کو استحکام دیتی ہے، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اعتماد کا رشتہ ہے، حکومت بیرونی سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرے گی۔

جام کمال کے مطابق سعودی عرب کے تاجر پاکستان کی معیشت میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں، کئی سعودی سرمایہ کار نجی حیثیت میں بھی پاکستان پہنچ چکے ہیں، پاکستان کی ترقی میں تاجر برادری کو کلیدی کردار ادا کرنا ہوگا، مختلف مرحلوں میں سعودی تاجر پاکستان میں سرمایہ کاری کریں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp