سعودی وفد کا کامیاب دورہ پاکستان، وزیراعظم شہباز شریف کابینہ ارکان کے معترف

منگل 7 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب کے وفد کے دورہ پاکستان پر بہترین انتظامات پر کابینہ ارکان کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب  کے وفد کے دورے کو کامیاب بنانے کے لیے حکومتی افسران اور کابینہ کے معزز ممبران نے بے پناہ محنت کی ہے، ان کا دل خوشی سے باغ باغ ہوگیا ہے۔

شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کا ایک وفد آیا تھا، اس وفد کے دورے کو کامیاب بنانے کے لیے حکومتی افسران اور معزز ممبران نے بے پناہ محنت کی ہے۔

’میں بلا خوف و تردید کہہ سکتے ہیں کہ اس وفد کے سربراہ جو مہمان خصوصی بھی تھے، نے کھانے پہ جتنی تعریف آپ لوگوں کی ہے، میرا دل باغ باغ ہوگیا۔

وزیراعظم نے کہا ’میں نے کبھی زندگی میں کسی غیر ملکی یا برادر ملک کے مہمان سے اس طرح کے الفاظ اتنی گرمجوشی سے شاید ہی سنے ہوں، وفد کا سربراہ بہت پڑھا لکھا آدمی تھا، انہوں نے ٹیکساس سے ماسٹر کیا، بہت لائق فائق آدمی، بہت ذہین تھا۔‘

شہباز شریف نے کابینہ ارکان کو بتایا’ مہمان خصوصی نے مجھے بتایا جب ان کا تعارف ہورہا تھا تو آپ کے وزراء مکمل طور پر وہاں موجود تھے، آپ کے وزرا بہت فعال ہیں، جو ہماری ہر قدم پر رہنمائی کررہے تھے، یہ ان کے لیے خوشگوار لمحہ تھا، اس طرح تجربہ ہم نے پہلے کبھی نہیں دیکھا۔‘

’انہوں نے کہا کہ ہم انتہائی مطمئن ہیں اور بڑی خوشی کے ساتھ ہم واپس جارہے ہیں، کہا کہ میں جاکے رپورٹ کروں گا کہ ہم نے تو پاکستان میں ایک نیا دور دیکھا ہے، ٹریننگ سیشن ہوا، جس تیاری کے ساتھ آپ کی ٹیم نے پریزنٹیشن اور فالو اپ دی ہے، یہ ہمارے لیے حیران کن تھا۔‘

وزیراعظم شہباز شریف نے کابینہ ارکان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سعودی وفد کے دورہ پاکستان کو کامیاب بنانے میں وزیرتجارت اور وزیرخزانہ کا اہم کردار ہے، سیکیریٹریز، منسٹری آف ایوی ایشن نے بہترین کاوشیں کی ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ یہ میرے لیے قابل فخر لمحہ تھا، اس لمحے نے میری شام بنا دی، بلکہ میرا خیال ہے کہ پاکستان کے عوام کی شام بن گئی، یہ وفد سعودی عرب جاکر اعلیٰ حکام کو رپورٹ کرے گا، میرا خیال ہے کہ یہ ہمارے مستقبل کے لیے بہت اچھا ہوگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp