سوات: 70 سالہ شخص کا چھٹی کلاس کی بچی سے نکاح، رخصتی رک گئی

پیر 6 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خیبر پختونخوا کے ضلع سوات میں عمررسیدہ شخص کا نکاح چھٹی جماعت کی کم عمر بچی کے ساتھ کرا دیا گیا۔ تاہم پولیس اور انسانی حقوق کی تنظمیوں کی مداخلت پر رخصتی کا عمل روک دیا گیا۔ اور معمر شخص کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

پولیس اور مقامی ذرائع کے مطابق نکاح بچی کی غیر موجودگی میں ہوا، اور اس وقت وہ اسکول میں تھی۔ جب بچی کو معلوم ہوا کہ اس کی غیرموجودگی میں اس کا نکاح کرایا گیا ہے تو اس نے شادی سے انکار کردیا اور بات پولیس تک پہنچ گئی۔

پولیس نے بتایا کہ واقعہ سوات کے علاقے بریکوٹ ناگوہا کے علاقے میں پیش آیا، جہاں 70 سالہ شخص کا 13 سالہ بچی کے ساتھ نکاح کرایا گیا ہے اور اب وہ رخصتی چاہتا ہے جس کی مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔

پولیس کے مطابق واقعہ کا مقدمہ عمر رسیدہ دلہا کے بیٹے کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، جنہوں نے پولیس کو بتایا کہ ان کے والد 10 لاکھ روپے کی رقم سے 13 سالہ بچی کی ساتھ شادی کرنا چاہتے ہیں۔ ’70 سالہ شخص نے نکاح کیا ہے مگر رخصتی ابھی نہیں ہوئی‘۔

سوات پولیس نے بتایا کہ شکایت موصول ہونے کے بعد پولیس حرکت میں آئی اور رخصتی کو روک دیا جبکہ بچی کو تحویل میں لے کر میڈیکل کے لیے اسپتال منتقل کردیا ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ لڑکی کے اہل خانہ بضد ہیں کہ لڑکی کی عمر زیادہ ہے اور والدین کی جانب سے شادی کرائی جارہی ہے جبکہ بچی خود شادی سے انکاری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بوڑھے دلہا پہلے سے شادی شدہ ہیں اور ان کے 8 بچے ہیں، جبکہ بیٹے اور بیٹیاں بھی شادی شدہ ہیں اور آگے وہ بھی صاحب اولاد ہیں۔

نکاح رجسٹرار کی جانب سے جاری نکاح نامے کے مطابق نکاح نامے پر گواہوں کے دستخط بھی موجود ہیں اور حق مہر 10 لاکھ روپے مقرر کیا گیا ہے جو دلہا نے ادا کردیا۔

اسکول ریکارڈ کے مطابق بچی کی عمر 13 سال ہونے کی تصدیق

دوسری جانب اسکول کے کاغذات اور نادرا ریکارڈ کے مطابق بھی بچی کی عمر 13 سال ہونے کی تصدیق ہوگئی ہے۔

ایس پی لوئر سوات غلام صادق نے کہاکہ ریکارڈ کے مطابق بچی کی عمر 13 سال ہی ہے۔ جبکہ دلہا بننے والے معمر شخص کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ ایف آئی آر میں چائلڈ میرج اور چائلڈ پروٹیکشن ایکٹ کے تحت دفعات درج کی گئی ہیں۔

ایس پی کے مطابق مزید تفتیش کی جارہی ہے جس کے بعد نکاح خواں اور گواہوں کو بھی گرفتار کیا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp