تعلیم زندگی اور موت کا مسئلہ، پاکستان چیلنجز پر قابو پا کر ایٹمی قوت بنا، شہباز شریف

بدھ 8 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ تعلیم کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کر سکتی، پاکستان چیلنجز پر قابو پا کر ایٹمی قوت بنا، پاکستانی قوم اپنے عزم اور حوصلے سے کسی بھی چیلنج پر قابو پانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

بدھ کو اسلام آباد میں تعلیمی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اپنے بانی کے اس قول پر عمل پیرا ہے کہ ’ قوم کے لیے تعلیم زندگی اور موت کا مسئلہ ہے، کوئی بھی قوم تعلیم کے بغیر ترقی نہیں کر سکتی، پاکستان کی نوجوان نسل باصیلاحیت ہے، پاکستان اپنی صلاحیتوں کے ذریعے چیلنجز پر قابو پا کر ہی ایٹمی قوت بنا۔

وزیر اعظم پاکستان نے کہا کہ قوم کی ترقی تعلیم سے جڑی ہوتی ہے، یہ بات اٹل ہے کہ کوئی بھی قوم تعلیم کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتی، حکومت اپنے پروگرام میں تعلیم کو اولین ترجیح دے رہی ہے اس کے لیے دانش اسکولوں کا قیام تیزی سے عمل میں لایا جا رہا ہے، ان دانش اسکولوں میں اعلیٰ معیار کی تعلیم دی جا رہی ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ تعلیم سب کے لیے، کو مد نظر رکھتے ہوئے 45 ہزار بچوں کو میرٹ پر اسکالر شپ دی گئیں، حکومت نے یونیورسٹی سطح پر بچوں میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے، جنوبی پنجاب میں لڑکیوں کے لیے زیور تعلیم پروگرام شروع کیا گیا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے فرمان کے مطابق تعلیم کے شعبے کو اولین ترجیح دے رہی ہے، یہی وجہ ہے کہ حکومتی اقدامات کے ساتھ پنجاب میں بڑی تعداد میں بچوں کو اسکولوں میں لایا گیا ہے۔ 10 ہزار اسکولوں کا تعلیمی معیار نجی تعلیمی اداروں سے بہتر بنایا گیا ہے اور اس میں دانش پبلک اسکول اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

وزیر اعظم نے بتایا کہ ملک میں پہلی بار پنجاب ایجوکیشن انڈونمنٹ فنڈ قائم کیا گیا اور اس پنجاب ایجوکیشن انڈونمٹن فنڈ کے تحت ہزاروں طلبا کو اسکالر شپ دی گئی، پنجاب میں ووکیشنل ایجوکیشن پروگرام کا بھی آغاز کیا گیا، برطانوی حکومت نے ووکیشنل ٹریننگ پروگرام میں بھرپور تعاون کیا جس پر ہم پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر سمیت حکومت برطانیہ کے شکر گزار ہیں۔

وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ تعلیم میں ترقی کے لیے اور غریب اور ہونہار طلبا کے لیے حکومت نے میرٹ پر اندرون، بیرون ملک بچوں کو اسکالر شپ دیں، تاکہ غریب کا بچہ بھی تعلیم حاصل کرنے میں اور اپنے ہنر میں ماہر ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے ذاتی تشہیر نہیں کی بلکہ تعلیمی میدان میں اقدامات کا ذکر کیا ہے اور ہمارے یہ اقدامات گراؤنڈ پر نظر بھی آ رہے ہیں۔ آئندہ ان شا اللہ حکومت کا پروگرام ہے کہ وہ ملک بھر میں تعلیمی ایمرجنسی کا نفاذ کرے، ہم ملک بھر میں تعلیمی ایمرجنسی کا نفاذ کریں گے۔ اس لیے قوم سے بھی اپیل ہے کہ وہ قومی مقصد میں سب سے بڑھ چڑھ کر حصہ لے۔ ہمارا عزم ہے کہ تعلیمی شعبے میں اصلاحات سے 26 ملین بچوں کو اسکولوں میں لائیں۔

پاکستان میں سب سے زیادہ بچے اسکولوں سے باہر ہیں، برطانوی ہائی کمنشر 

قومی تعلیمی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کہا کہ پاکستان میں اسکولوں تک تمام بچوں کی رسائی ہونی چاہیے، کیوں کہ پاکستان کے بانی قائد اعظم محمد علی جناح نے ’ تعلیم کو قوم کے لیے زندگی اور موت کا مسئلہ قرار دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان کو شعبہ تعلیم میں بحران کا سامنا ہے، تعلیم کا حصول پاکستان کے بچوں کا بنیادی حق ہے،  پاکستان میں سب سے زیادہ بچے اسکولوں سے باہر ہیں، دُنیا کے کسی ملک میں اتنے بچے اسکول سے باہر نہیں ہیں جتنے پاکستان میں ہیں، تاہم اس حوالے سے حکومتی سطح پر کوششیں بھی قابل ستائش ہیں، برطانوی حکومت بھی پاکستان کی شعبہ تعلیم میں اپنی بھرپور معاونت جاری رکھے گی۔

برطانوی ہائی کمشنر نے تعلیم کے شعبے میں بہتری، اصلاحات اور فروغ کے لیے وزیر اعظم شہباز شریف کی کوششوں کی تعریف کی۔ ہم وزیر اعظم کے تعلیم کے حوالے سے وژن کی بھرپور حمایت جاری رکھیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp