کیا مستقبل میں پاکستان سپرلیگ کے میچز بلوچستان میں ہوسکیں گے؟

بدھ 8 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گزشتہ روز وفاقی وزیر برائے داخلہ اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی ایک روزہ دورے پر بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ پہنچے۔ دورے کے موقع پر جہاں محسن نقوی کی وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی اور وزیر داخلہ ضیالانگو سے ملاقاتیں طے تھیں وہیں محسن نقوی نے بلوچستان کے سب سے کرکٹ گراؤنڈ بگٹی کا دورہ بھی کیا۔

اس موقع پر گراؤنڈ انتظامیہ نے مسائل سے متعلق چیئرمین پی سی او کو آگاہ کیا۔ بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ وزیر اعلی نے خصوصی طور پر مجھے کہا ہے کہ کوئٹہ میں کرکٹ کے کھیل کو بحال کیا جائے۔

کوئٹہ اور گوادر میں پی ایس ایل میچز

وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ ہم نے یہ بھی دیکھا کے پچھلی دفع جب پاکستان سپر لیگ کا نمائشی میچ کوئٹہ میں ہوا تو شائقین کرکٹ کی کتنی کثیر تعداد نے میدان کا رخ کیا۔ ہم چاہتے ہیں کہ بلوچستان میں کرکٹ کا کھیل پروان چڑھے۔ بالخصوص کوئٹہ اور گوادر میں پی ایس ایل کے میچز باقاعدہ بنیادوں پر ہوں۔ اس معاملے پر ہم نے یہ فیصلہ کیا کہ بگٹی گراؤنڈ کو دن اور رات کے میچز کے لیے فعال بنانے کرنے کے لیے فلڈ لائٹس لگوائی جائیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ اگلے 3 ماہ بگٹی کرکٹ گراؤنڈ میں فلڈ لائٹس لگوانے کا کام مکمل کر کے گا۔

میڈیا سے گفتگو میں محسن نقوی نے مزید کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ کوئٹہ کے ایوب اسٹیڈیم میں قومی اور بین الاقوامی سطح کے کرکٹ میچز منعقد کروائے جائیں تاکہ کے عوام کو تفریح فراہم کی جاسکے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے میچ سے متعلق بھی کام کریں گے جس پر وزیر اعلی بلوچستان سے وقت مانگا ہے۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ یہ خوش آئند ہے کہ محسن نقوی نے اس بات کی اہمیت کو سمجھا کہ بلوچستان میں کرکٹ کے کھیل کو فروغ دینا چاہیے۔ صوبے میں اس کھیل سے محبت کرنے والوں کی کمی نہیں۔ ہمارے پاس خوبصورت میدان موجود ہیں اور صوبے کی عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا کہ بگٹی گراؤنڈ میں فلڈ لائٹس لگوائی جائیں جس کو محسن صاحب نے ہنگامی بنیادوں پر حل کر دیا۔

پی ایس ایل کے میچز بلوچستان میں ہوسکیں گے یا نہیں

یہاں سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا مستقبل میں پی ایس ایل کے میچز بلوچستان میں ہوسکیں گے یا نہیں؟ محسن نقوی کے مطابق پی ایس ایل کے میچز سے متعلق فرنچائز سمیت دیگر لوگوں سے بات کرنا ہوگی جس کے بعد باقاعدہ طور پر یہ فیصلہ کیا جائے گا پی ایس ایل کے میچز بلوچستان میں ہونگے یا نہیں۔

شائقین کیا کہتے ہیں؟

شائقین کرکٹ محسن نقوی کے دورے کو بلوچستان میں کرکٹ کے فراغ کے لیے خوش آئند قرار دیتے ہیں۔ وی نیوز سے بات کرتے ہوئے کرکٹ کے متوالے آغا ابراہیم کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کا ایک نمائشی میچ کوئٹہ میں کروایا گیا جس کو دیکھنے کے لیے دوستوں کے ہمراہ میدان کا رخ کیا بہت خوشی ہوئی، اپنے کرکٹ اسٹارز کو کھیلتا ہوا دیکھ کر اچھا لگا۔ ان کا کہنا تھا حکومت کو پی ایس ایل سمیت دیگر بین الاقوامی میچز کا انعقاد کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں کروانا چاہیے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp