معاشی ترقی کے لیے ڈیری کی صنعت اپنا کلیدی کردار ادا کرے، وزیر خزانہ

بدھ 8 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ زرعی شعبہ کی پیداوار میں اضافے اور معاشی ترقی کو فروغ دینے میں ڈیری کی صنعت کو اپنا کلیدی کردار ادا کرنا چاہیے۔

بدھ کوسی ای او فوجی فوڈز لمیٹڈ عثمان ظہیر کی قیادت میں پاکستان ڈیری ایسوسی ایشن کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے زرعی جی ڈی پی میں اضافے اور معاشی ترقی کے فروغ کے لیے ڈیری صنعت کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیر خزانہ نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کاروبار خاص طور پر ڈیر کے شعبے اور اس کی برآمدات کے فروغ اور ترقی کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی کو یقینی بنائے گی۔

وزیر خزانہ نے ڈیری انڈسٹری کے ایگزیکٹوز کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ ڈیری کی صنعت کو ایسے اقدامات شروع کرنے کی ضرورت ہے جس سے نہ صرف بڑے پیمانے پر پیداوار کرنے والوں کو فائدہ پہنچے بلکہ چھوٹے پیمانے پر کسانوں کے لیے بھی مواقع پیدا ہوں۔

ملاقات کے دوران ڈیری صنعت کے نمائندوں نے ڈیری برآمدات میں اضافے کے رجحان سے فائدہ اٹھانے کے حوالہ سے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے ڈیری برآمدات کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ڈیری برآمدات کو ٹیکس سے مستثنیٰ کرنے کی تجویز پر غور کرنے کی درخواست کی تاکہ اس شعبے میں مزید توسیع میں مدد مل سکے۔

وفاقی وزیر نے متعلقہ حکام کو میرٹ کے مطابق تجویز پیش کرنے کی ہدایت کی۔ ملاقات کے دوران فریقین کی جانب سے اس شعبے کی برآمدی صلاحیت کو بڑھانے، جدت کو فروغ دینے اور بین الاقوامی معیارات پر پورا اترنے کے طریقوں کو اپ گریڈ کرنے پر بھی اتفاق ہوا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp