گوادر میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے 7 افراد کی ٹارگٹ کلنگ کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔
مزید پڑھیں
محکمہ انسداد دہشتگردی کے ترجمان کے مطابق، واقعہ کا مقدمہ گوادر سی ٹی ڈی تھانہ میں نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی نے بتایا کہ مقدمے میں قتل، اقدام قتل اور دہشتگردی سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔ واقعہ میں ملوث کسی بھی شخص کو تاحال گرفتار نہیں جاسکا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز نامعلوم افراد نے گوادر کے علاقے سر بندر میں ایک رہائشی کوارٹر میں سوئے ہوئے 7 افراد کو فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔
جاں بحق افراد پیشے کے اعتبار سے حجام تھے اور ان کا تعلق پنجاب کے ضلع خانیوال سے تھا۔
جاں بحق ہونے والوں میں ساجد ولد خالد، اسد ولد حبیب اللہ، عدنان ولد مقبول، حسیب ولد جبیب، مقرب، انصر اور شان شامل ہیں۔ واقعہ میں ارسلان ولد حاجی امین زخمی ہوا تھا۔ جاں بحق افراد کی میتیں گزشتہ روز ان کے آبائی علاقوں میں روانہ کردی گئی تھیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے گزشتہ روز ایک بیان میں کہا تھا کہ بے گناہ مزدوروں کا قتل کھلی دہشتگردی ہے، دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کا پیچھا کریں گے، پاکستان میں دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔