وزیرداخلہ بلوچستان میر ضیاءاللہ لانگو نے کہا ہے کہ دشمن ملک بھارت پاکستان میں دہشتگردی کے لیے فنڈنگ کررہا ہے، اس کو پاکستان کی ترقی ہضم نہیں ہورہی، دشمن کو کبھی کامیابی نہیں ملے گی۔
وزیرداخلہ بلوچستان میرضیاءاللہ لانگو سے جرمنی کے قونصل جنرل ڈاکٹر روڈیگر لوٹز نے کوئٹہ میں ملاقات کی اور انہیں وزارت سنبھالنے پر مبارکباد دی، ملاقات میں بلوچستان کے امن وامان کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مزید پڑھیں
اس موقع پر گفتگو میں صوبائی وزیرداخلہ نے کہا کہ دشمن ملک بھارت بلوچستان میں دہشت گردی میں ملوث ہے، جس کے لیے وہ فنڈنگ بھی کررہا ہے، ہمسایہ ممالک سے بلوچستان میں دہشت گردی ہورہی ہے۔
ضیاءاللہ لانگو نے کہا ’بلوچستان میں دہشت گردوں کا قلع قمع کرنے کے لیے ہماری سیکورٹی فورسز جنگ لڑرہی ہیں، وزیراعلی بلوچستان کی قیادت میں امن اومان، تعلیم اور صحت پر خصوصی توجہ دے رہے ہے، دشمن گوادر اور سی پیک کے خلاف سازشیں کررہے ہیں جس میں انہیں کبھی بھی کامیابی نہیں ملے گی۔‘
جرمن قونصل جنرل روڈیگر لوٹز نے اس موقع پر گفتگو میں کہا کہ وہ بلوچستان پہلے بھی آتے رہے ہیں، بلوچستان کی مہمان نوازمثالی ہے اور یہاں آکر بہت خوشی ملتی ہے، جرمن حکومت بلوچستان میں تعلیم اور صحت کی بہتری کے لیے تعاون جاری رکھے گی۔