’دبئی تو سارا ہمارا ہے‘: دبئی لیکس میں پاکستانیوں کے نام آنے پر صارفین کے تبصرے

بدھ 15 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 پاناما لیکس کے بعد نامور سیاست دانوں، عالمی پابندی کا شکار افراد، منی لانڈررز اور جرائم پیشہ افراد سمیت کئی افراد کی خفیہ دولت کی تفصیلات کے حوالے سے ’دبئی اَن لاکڈ‘ کے نام سے ایک اور لیک سامنے آگئی ہے جس میں کئی پاکستانیوں کے نام بھی شامل ہیں۔

پراپرٹی لیکس میں شامل پاکستانیوں میں صدر آصف علی زرداری کے تین بچے، حسین نواز شریف، وزیر داخلہ محسن نقوی کی اہلیہ، شرجیل میمن اور ان کے گھر  والے، سینیٹر فیصل واوڈا، فرح گوگی، شیر افضل مروت،  سندھ اور بلوچستان اسمبلی کے چار  ایم این ایز اور 6 ایم پی اے شامل ہیں۔

اس فہرست میں مرحوم جنرل پرویز مشرف، سابق وزیر اعظم شوکت عزیز  اور  ایک درجن سے زائد ریٹائرڈ جرنیلوں کے ساتھ ساتھ ایک پولیس چیف، ایک سفیر اور ایک سائنسدان بھی شامل ہیں۔

پراپرٹی لیکس میں نام سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے دلچسپ تبصرے کیے جا رہے ہیں۔ ایک صارف نے لکھا کہ ہم سمجھتے تھے دبئی والوں نے ہمارا ملک خرید رکھا ہے لیکن یہاں معاملہ الٹ ہے یہ تو ہم نے پورا دبئی خرید رکھا ہے۔

 ڈاکٹر عائشہ نے دبئی لیکس میں پاکستانیوں کے نام آںے پر طنزاً لکھا کہ غریب ملک کے امیر لوگ۔

صحافی مبشر زیدی نے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کے تینوں بچوں کے نام دبئی لیکس میں منظر عام پر آنے کے بعد تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ پیپلز پارٹی کا نیا نعرہ روٹی، کپڑا اور دبئی میں مکان۔

عامر سعید عباسی نے لکھا کہ ہمارے حکمران کس منہ سے دوست ممالک کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں جبکہ خود سرمایہ کاری پاکستان سے باہر کرتے ہیں، انہوں نےحکمرانوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ حکمرانی پاکستان میں اور اثاثےدبئی میں۔

ایک ایکس صارف نے کہا کہ دبئی لیکس دیکھ کہ اندازہ ہوا ہے ہم ویسے ہی ناشکری کرتے ہیں دبئی تو تقریباً سارا ہی ہمارا ہے۔

ایک صارف نے حسین نواز کی تصویر شیئر کرتے ہوئے ن لیگ پر تنقید کی اور کہا کہ اِس سپوت نے ایک مرتبہ پھر دُبئی پراپرٹی لیکس میں اپنے والد نواز شریف کا نام روشن کر دیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp