حکومت مستعفی ہو، الیکشن ازسرنو ہوں اور فوج انتخابی عمل سے دور رہے، فضل الرحمان کے مطالبات

بدھ 15 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جمعیت علما اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے حکومت فی الفور مستعفی ہو اور نئے انتخابات کرائے جائیں، لیکن ضروری ہے کہ فوج انتخابی عمل سے دور رہے۔

ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ ملک میں اس وقت حکومت ہے ہی نہیں، عوام کے ووٹ کی عزت کرنا ہوگی۔

انہوں نے کہاکہ اس ذہنیت کو ختم کرنا ہوگا کہ اس ملک میں اسٹیبلشمنٹ کی مرضی کے بغیر کچھ نہیں ہوسکتا۔

مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ اگر عوام نہ اٹھے تو ہم مسلسل غلامی کی طرف سفر کرتے رہیں گے، اس وقت قوم ہمارے ساتھ ہے۔

سربراہ جے یو آئی نے کہاکہ پیپلزپارٹی کو جس دن پریشانی ہوئی، حکومت کے لیے مسئلہ ہوگا، کیونکہ وہ حکومت کا حصہ ہیں کابینہ کا نہیں۔

سربراہ جے یو آئی نے کہاکہ موجودہ حالات میں حکومت ڈیلیور نہیں کرسکتی، ہم ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی چاہتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ کون ہوتا ہے جو جو مجھے صدر، وزیراعظم یا وزیراعلیٰ کی آفر کرے، اور اگر عوام ووٹ دے گی تو کوئی روک نہیں سکتا۔

انہوں نے کہاکہ ڈی آئی خان میں میرے مدمقابل دونوں افراد وزیراعلیٰ اور گورنر بنے ہیں۔ الیکشن میں جو ہوا وہ تو سب کو معلوم ہے۔

سربراہ جے یو آئی نے کہاکہ کسانوں کے ساتھ ناانصافی ہورہی ہے، جن لوگوں نے گندم درآمد کرنے کا فیصلہ کیا ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کے ساتھ ہماری کوئی دشمنی نہیں، اگر مذاکرات کا ماحول بنا تو حوصلہ افزائی کروں گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp