کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں چوی کی ایک انوکھی واردات رپورٹ ہوئی ہے جس میں چور راتوں رات اپنا کام دکھا گئے اور کسی کو کان و کان خبر تک نہ ہوئی تاہم جب مکینوں کو پتا چلا تو اس وقت تک صبح اور دیر دونوں ہوچکی تھیں۔
مزید پڑھیں
علاقہ مکینوں کو واردات کا پتا اس وقت چلا جب متاثرہ گھروں کی خواتین ناشتہ بنانے باورچی خانے میں داخل ہوئیں لیکن چولہے تھے کہ جل کر ہی نہیں دے رہے تھے جس پر انہوں نے اپنے مردوں کی ڈیوٹی لگائی کہ دریافت کیا جائے ماجرا کیا ہے۔ اس پر مرد تفتیش کرنے گھر سے نکلے تو ان پر عقدہ کھلا کہ ان کے گھروں کے گیس میٹرز ہی غائب ہیں جبکہ پائپ بھی کہیں دکھائی نہیں دے رہے۔
یہ واقعہ ہے آج سے 20 روز قبل کا جب سرجانی ٹاؤن کے علاقے میں بیک وقت 5 گلیوں سے 27 گیس میٹر چوری کر لیے گئے۔ چوروں نے محض میٹرز پر ہی اکتفا نہیں کیا بلکہ پائپ بھی ساتھ ہی لے گئے۔
متاثرہ گلیوں میں بیک وقت یہ کارروائی ہوتی رہی اور چوروں نے اطمینان سے مطلوبہ میٹرز نکالے لیکن اس وقت کسی کو کوئی بھنک نہ پڑی۔
علاقہ مکین محمد شریف نے وی نیوز کو بتایا کہ ایک رات میں 27 میٹر چوری ہوئے ہیں۔ ان کے مطابق 5 گلیوں میں گنتی کرنے کے بعد پتا چلا کہ 27 میٹر چلے گئے ہیں۔ متاثرہ مکینوں میں سے کچھ نے پولیس میں رپورٹ بھی درج کرائی ہے۔
محمد شریف کہتے ہیں کسی کو کان و کان خبر ہی نہ ہوئی اور ایک ہی رات میں اتنی بڑی واردات ہو گئی۔ ان کے مطابق جو میٹر کھل سکتا تھا کھول لیا گیا اور باقی توڑ کر لے جائے گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ اب میٹر کے بغیر لوگوں نے ڈائریکٹ پائپ لگائے ہیں جبکہ گیس فراہم کرنے والی کمپنی کے اہلکار آکر میٹروں سے عاری جگہوں کی تصاویر لے کر چلے گئے ہیں لیکن انہوں نے اس فوٹو سیشن کے علاوہ اب تک کچھ نہیں کیا ہے۔
محمد شریف کہتے ہیں کہ تھانہ منگھوپیر میں میٹر چوری کی ایف آئی آر درج ہے لیکن ابھی تک کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی جبکہ علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ارد گرد کے تمام کباڑیوں سے بھی دریافت کر لیا ہے لیکن میٹر اور پائپوں کا کہیں کوئی سراغ نہیں مل سکا۔