کرغزستان میں پھنسے طلبہ کو لے کر مزید 2 پروازیں پاکستان پہنچ گئیں

اتوار 19 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کرغزستان میں پھنسے پاکستانی طلبہ کی وطن واپسی کا عمل جاری ہے، آج بھی 2 پروازوں کے ذریعے مزید طلبہ کی وطن واپسی ہوئی ہے۔

175 پاکستانی طلبہ بشکیک سے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور پہنچ گئے جبکہ 100 سے زیادہ طلبہ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہنچے۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے لاہور ایئرپورٹ پر بشکیک سے واپس آنے والے طلبہ کا استقبال کیا۔ اور انہیں خوش آمدید کہا۔ جبکہ اسلام آباد پہنچنے والے طلبہ کو خوش آمدید کہنے کے لیے وفاقی وزیر پیٹرولیم مصدق ملک موجود تھے۔

مزید پڑھیں

اس موقع پر وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے کہاکہ حکومت پاکستان کرغزستان کی حکومت سے رابطے میں ہے۔

انہوں نے کہاکہ طلبہ کے لیے ٹرانسپورٹ اور کھانے کا انتظام کیا گیا ہے، لاہور اور اسلام آباد ایئر پورٹس پر طلبہ کی واپسی کے لیے مکمل انتظامات کیے گئے ہیں۔

عطااللہ تارڑ نے کہاکہ کرغزستان میں ہمارے سفیر طلبہ سے مسلسل رابطے میں ہیں، وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر ایئر پورٹس پر طلبہ کی واپسی کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ طلبہ کے تحفظات دور کیے جائیں گے اور بحفاظت گھر پہنچایا جائے گا۔

واضح رہے کہ کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں مقامی اور غیرملکی طلبہ کے درمیان ہنگامہ آرائی ہوئی جس کی زد میں پاکستانی طلبہ بھی آگئے۔

گزشتہ روز بھی ایک پرواز بشکیک سے لاہور ایئرپورٹ پر پہنچی تھی جس میں 30 پاکستانی طلبہ کی واپسی ہوئی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp