وزیر اعظم رشی سونک نے برطانیہ میں 4 جولائی کو عام انتخابات کرانے کا اعلان کر دیا

بدھ 22 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

برطانیہ کے وزیر اعظم رشی سونک نے موسم گرما کے عام انتخابات جمعرات 4 جولائی کو کرانے کا اعلان کر دیا ہے، اس سے قبل توقع کی جارہی تھی کہ ملکی قانون کے مطابق جنوری 2025 سے قبل ہی وہ انتخابات کے لیے موسم خزاں تک کا انتظار کریں گے۔

برطانیہ کے وزیر اعظم رشی سونک نے بدھ کو ملک میں عام انتخابات کا اچانک اعلان کر کے سب کو حیران کر دیا، یہ 1945 کے بعد پہلی مرتبہ ہو گا کہ برطانیہ کے عام انتخابات جولائی میں ہونے جا رہے ہیں۔

ادھر برطانیہ کے رائے عامہ کے جائزوں میں کنزرویٹو پارٹی سر کیئر اسٹارمر کی لیبر پارٹی کا مقابلہ کرتے ہوئے مسلسل پانچویں مرتبہ اقتدار حاصل کرنے کی کوشش کرے گی۔

5 ہفتوں تک جاری رہنے والی انتخابی مہم سے قبل برطانوی پارلیمنٹ کو جمعہ کو تحلیل کر دیا جائے گا اور اگلے ہفتے جمعرات سے اسے باضابطہ طور پر بند کر دیا جائے گا۔

ڈاؤننگ اسٹریٹ میں خطاب کرتے ہوئے بھارتی نژاد وزیر اعظم رشی سونک نے ملک میں گرتی ہوئی افراط زر کی طرف اشارہ کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ان کی انتظامیہ نے ’سخت محنت کے بعد معاشی استحکام ‘ حاصل کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اپریل میں افراط زر کی شرح کم ہو کر 2.3 فیصد رہ گئی جو تقریباً 3 سال کی کم ترین سطح ہے۔

رشی سونک نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ کنگ چارلس سے ملاقات میں انہیں قبل از وقت انتخابات کے فیصلےسے آگاہ کر دیا جائے گا جب کہ بادشاہ چارلس نے پارلیمنٹ کو تحلیل کرنےکی منظوری دے دی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp