سیکریٹری داخلہ کا دورہ افغانستان، بشام واقعے سے متعلق کیا پیش رفت ہوئی؟

جمعہ 31 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر اعظم کی خصوصی ہدایت پر سیکریٹری داخلہ محمد خرم آغا نے 30 مئی 2024 کو کابل کا دورہ کیا اور عبوری افغان نائب وزیر داخلہ محمد نبی عمری سے تفصیلی ملاقات کی۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں 26 مارچ 2024 کو بشام میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے پر توجہ مرکوز کی گئی، سیکریٹری داخلہ نے بشام حملے کے بارے میں حکومت پاکستان کے اخذ کردہ نتائج کو شیئر کیا اور مجرموں کی گرفتاری میں افغانستان سے مدد طلب کی۔

افغان فریق نے پاکستان سمیت دیگر ممالک کے خلاف کسی بھی دہشت گردی کی کارروائی کے لیے اپنی سرزمین کے استعمال کو روکنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

افغان فریق نے تحقیقات کے نتائج کا جائزہ لینے پر بھی اتفاق کیا اور تحقیقات کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

ملاقات میں محمد نبی عمری نے چینی شہریوں پر حملے کو دہشت گرد قرار دیا اور کہا کہ بشام کا واقعہ افسوسناک تھا۔

دونوں فریقین نے علاقائی ممالک کو دہشت گردی سے لاحق خطرے کا مقابلہ کرنے اور پاکستان کی طرف سے اٹھائے گئے خدشات کو دور کرنے کے لیے مصروف عمل رہنے پر اتفاق کیا۔

واضح رہے کہ 26 مارچ کو بشام میں چینی انجینئرز کی بس پر خود کش حملے میں 5 چینی انجینئرز اور ان کا ایک پاکستانی ڈرائیور جاں بحق ہوئے تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp