غیرملکی سفارتکار پاکستان کے اندرونی معاملات پر تبصروں میں محتاط رہیں، ترجمان دفتر خارجہ

جمعہ 31 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ بیرونی سفارتکاروں کو پاکستان کے اندرونی معاملات پر تبصرہ کرنے سے محتاط رہنا چاہیے، سفارت کاروں کو سفارتی آداب کا خیال رکھنا چاہیے اور اس طرح کے تبصروں سے گریز کرنا چاہیے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے خط پر دفتر خارجہ کی جانب سے کوئی رائے نہیں دوں گی، سپریم کورٹ ملک کا سب سے بڑا آئینی ادارہ ہے، مجھے اس سے متعلق کوئی معلومات نہیں ہے کہ دفتر خارجہ نے کوئی ایڈوائس دی ہوں۔ وزیر داخلہ نے جو ریمارکس دیے اس پر بات نہیں کروں گی۔

ترجمان دفتر خارجہ نے اسلام آباد میں صحافیوں کو ہفتہ وار بریفنگ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چینی صدر اور وزیر اعظم کی دعوت پر وزیراعظم شہباز شریف 4 جون کو چین کے دورہ پر روانہ ہوں گے، وزیر اعظم کے ہمراہ وفاقی کابینہ سمیت بڑا وفد بھی چین جائے گا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے دورہ چین کے دوران سی پیک 2 اور دو طرفہ منصوبوں کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیں گے۔ وہ چین کی پیپلز کانگریس کے چئیرمین اور چینی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے، شہباز شریف متعدد آئل اینڈ گیس کاروباری کمپنیوں کے سربراہان سے ملاقاتیں کریں گے۔

’چین کے شہر شینجن میں وزیراعظم شہباز شریف پاک چین بزنس فورم سے خطاب کریں گے جہاں وہ دونوں ملکوں کے معروف کاروباری شخصیات اور سرمایہ کاروں سے ملاقاتیں کریں گے، وہ چین کے زرعی اور اقتصادی زونز کا دورہ بھی کریں گے‘۔

ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان کے ساتھ مختلف مواقع پر دہشت گردی کے ثبوت فراہم کیے، پرسوں کی میٹنگ میں بشام حملے کے شواہد پیش کیے گئے، ترجمان پاکستان نے افغانستان کے ساتھ اپنے خدشات اور تحفظات کا اشتراک کیا ہے۔ پاکستان کو افغان سر زمین سے جو خدشات ہیں ان سے افغان حکومت کو آگاہ کر دیا ہے۔

آذربائیجان کے وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ آذربائیجان کے وزیر خارجہ جیہون بیراموف نے پاکستان کا دورہ کیا، صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیر اعظم میاں شہباز شریف اور ڈپٹی وزیر اعظم اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔

’ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات کے حوالے سے پیش رفت اور باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال ہوا‘۔

بدھ مت کے ورثے پر سمپوزیم اور نمائش کا انعقاد

ممتاز زہرا بلوچ نےکہا کہ تجارت، توانائی، دفاع، تعلیم، موسمیاتی تبدیلی اور علاقائی روابط سمیت باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بدھ مت کے ورثے پر سمپوزیم اور نمائش کا انعقاد کیا گیا، 28-29 مئی 2024 کو “گندھارا سے دنیا تک” کے عنوان سے ایک سمپوزیم اور نمائش کا اہتمام بھی کیا گیا۔

’اسلام آباد میں مقیم سفارت کاروں، حکومتی عہدیداروں، اسکالرز، فنکاروں اور فن سے محبت کرنے والوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی‘۔

ان کا کہنا تھا کہ تقریب میں سری لنکا، نیپال، تھائی لینڈ اور ویتنام سے تقریباً 25 غیر ملکی مندوبین، بشمول وزارتی سطح کے کچھ مندوبین نے شرکت کی، تقریب کے انعقاد کا مقصد پاکستان کے بھرپور ثقافتی ورثے کو ظاہر کرنا اور اس اہمیت کو اجاگر کرنا ہے جو حکومت بین المذاہب ہم آہنگی کو دیتی ہے۔

پاکستان یونان دوطرفہ سیاسی مشاورت کے چوتھے دور کا انعقاد

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ (یورپ)، سفیر شفقت علی خان نے ایتھنز، یونان میں پاکستان یونان دوطرفہ سیاسی مشاورت کے چوتھے دور میں پاکستانی وفد کی قیادت کی۔ ڈائرکٹر جنرل برائے سیاسی امور، سفیر روسوس کونڈوروس نے یونانی فریق کی قیادت کی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ دونوں فریقوں نے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا، علاقائی اور عالمی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے باہمی دلچسپی کے تمام امور پر مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp