پاکستان کسی ملک کے خلاف فوجی اڈے دینے کا ارادہ نہیں رکھتا، ترجمان دفتر خارجہ

جمعرات 2 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان نے کہا ہے کہ وہ کسی بھی ملک کے خلاف کسی دوسرے ملک کو اپنے فوجی اڈے دینے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا اور اس حوالے سے افواہیں بے بنیاد ہیں۔

وزارت خارجہ میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ اس ہفتے امریکن انڈر سیکرٹری جان باس اور الزبتھ ہورسٹ نے پاکستان کا دورہ کیا جس میں دوطرفہ معاملات پر بات کی گئی، اس دورے میں پاکستان سے فوجی اڈے دینے کا کوئی مطالبہ نہیں کیا گیا اور نہ ہی اس وفد میں سیکیورٹی سے متعلق لوگ شامل تھے۔

وی نیوز سے خصوصی گفتگو میں ترجمان دفتر خارجہ نے اس حوالے سے مزید کہا کہ اس سے ہٹ کر امریکا کی جانب سے فوجی اڈے دیے جانے کا کوئی مطالبہ نہیں کیا گیا، اس حوالے سے سوشل میڈیا پر چلنے والی خبریں بے بنیاد ہیں۔

ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ سے سوال کیا گیا کہ کیا ایران گیس پائپ لائن کے حوالے سے پاکستان  کی امریکی وفد سے بات ہوئی، جس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کے امریکا اور ایران دونوں ملکوں کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں، اور پاکستان دونوں ملکوں کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔

’شہزاد اکبر اور جرمن سفیر‘

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شہزاد اکبر کے پاکستان کے خلاف تیزاب حملے کے الزام کی مذمت کرتے ہیں اور اسے مسترد کرتے ہیں، کچھ عناصر برطانیہ میں بیٹھ کر پاکستان کے خلاف باتیں کرتے ہیں، پاکستان اپنی حدود سے باہر اس طرح کی کارروائیاں نہیں کرتا، ہم پاکستانی اداروں اور افراد کے خلاف بیرون ملک سے بے بنیاد پروپیگنڈا کرنے کی مذمت کرتے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے جرمن سفیر کے ساتھ پیش آئے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ عاصمہ جہانگیر کانفرنس میں واقعہ پیش آیا جبکہ عاصمہ جہانگیر اپنی ساری عمر قانون اور انصاف کے لیے جدوجہد کرتی رہیں۔

’بھارتی حکومت کو آزاد کشمیر میں زمینیں دینے کی اطلاعات‘

بھارتی حکومت کو آزاد کشمیر میں زمینیں دینے سے متعلق اطلاعات پر ترجمان دفتر خارجہ نے کہا اس حوالے سے فوجی حکام سے رابطہ کرکے بتایا جاسکتا ہے، میرے پاس اس حوالے سے زیادہ معلومات نہیں ہیں، معلومات کے بعد ہی اس پر تبصرہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ فروری 2019 بالاکوٹ حملوں سے متعلق بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے بیانات پر تبصرہ کرنا نہیں چاہتیں، تاہم ان کا کہنا تھا کہ بھارت دوبارہ سے تاریخ لکھنے کی کوشش کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستانی شہریوں پر حملوں میں ملوث ہے، پاکستان نے دہشتگرد حملوں میں بھارتی ایجنٹوں کے ملوث ہونے سے متعلق ٹھوس معلومات دی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان بھارتی حکومت کی جانب سے کشمیریوں کی زمینوں پر غیرقانونی قبضے کی مذمت کرتا ہے، پچھلے کچھ دنوں میں مقبوضہ کشمیر کے کچھ علاقوں میں طوفانی بارشوں اور سیلاب سے لوگ متاثر ہوئے ہیں جن پر ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔

’پاکستان، چین اور ایران سہ فریقی مذاکرات‘

ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ پاکستان، چین اور ایران سہ فریقی ڈائیلاگ ایک اہم فورم ہے لیکن اس فورم کے ذریعے مذاکرات کے حوالے سے ابھی تاریخ طے نہیں کی گئی، پاکستان اور ایران نے مختلف شعبوں میں تعاون اور دہشت گردی کے حوالے سے بات چیت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان انرجی سے متعلق طویل عرصے سے بہت شاندار تعاون کی تاریخ ہے اور یہ تعاون مزید بڑھ رہا ہے، سعودی وفد پاکستان آیا تھا اور خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے ملاقاتیں کیں، مستقبل میں بھی اس طرح کے وفود آتے رہیں گے۔

’رفاح پر حملوں سے متعلق اسرائیلی بیانات پر تشویش ہے‘

ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا گیمبیا کے دورے کا ارادہ تھا لیکن مصروفیات کی وجہ سے نہیں جا سکے، اس وقت ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار گیمبیا بنجول میں ہیں، جہاں وہ او آئی سی اجلاس اور وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ او آئی سی اجلاس میں غزہ میں مسلمانوں کی نسل کشی اور امت مسلمہ کو درپیش مسائل پر بات کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اسرائیل کے رفاح پر حملوں کے بیانات پر تشویش کا اظہار کرتا ہے اور دنیا کے ممالک سے مطالبہ کرتا ہے کہ اس طرح کے حملوں کو روکا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بین الاقوامی فوجداری عدالت میں جنوبی افریقہ کے مقدمے کی حمایت کرتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp