حریم فاروق پاکستان کی ایک پراعتماد اور باصلاحیت اداکارہ، پروڈیوسر اور ٹی وی میزبان ہیں، انہیں ابتدائی شہرت اپنے مقبول ڈراما سیریل دیارِدل سے ملی، وہ ایک کامیاب فلم پروڈیوسر کے طور پر بھی جانی جاتی ہیں۔
حریم فاروق کے قابل ذکر ڈراموں میں میرے ہمدم، میرے دوست، دوسری بیوی اور صنم ہیں، ان کی کامیاب فلموں میں ’پرچی‘، ’ہیر مان جا‘ اور ’دوبارہ پھر‘ سے شامل ہیں، وہ گرین انٹرٹینمنٹ کے مشہور ڈراما سیریل 22 قدم میں بھی نظر آئیں، شائقین نے 22 قدم میں ان کو بطور کرکٹ کھلاڑی پسند کیا ہے۔
مزید پڑھیں
پوڈ کاسٹ ایکسکیوزمی وِد احمد علی بٹ میں گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ حریم فاروق نے کہا کہ جس طرح میڈیا ہمارے معاشرے کا عکاس ہے، اسی طرح معاشرہ میڈیا کا عکاس ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم یہ نہیں کہہ سکتے کہ ہمیں ایک خاص قسم کا مواد نہیں بنانا چاہیے (جو ہٹ نہ ہو)، تیرے بن ہٹ ہوگیا ہے، اس لیے ہر کوئی اس قسم کے اسکرپٹس کا مطالبہ کررہا ہے۔
حریم فاروق نے کہا کہ تیرے بن جیسے اسکرپٹ پر ڈرامے بننے چاہئیں، لیکن ہمیں ایک ہی فارمولے کے بارے میں نہیں سوچنا چاہیے، ہمیں ہر قسم کا مواد بنانا چاہیے۔ ’اگر میں میرے پاس تم ہو اور تیرے بن کو الگ کرتی ہوں تو دونوں میں کچھ ایسا تھا جو سامعین میں گونجتا تھا۔‘
انہوں نے کہا کہ میرے پاس تم ہو کا سیلنگ پوائنٹ دھوکا تھا اور رومانس اور محبت کے رشتے سے نفرت تیرے بن کا سیلنگ پوائنٹ تھا، یقیناً لوگ ایسا مواد دیکھنا چاہتے ہیں کیونکہ جذبات سامعین کو متاثر کرتے ہیں۔
’میں ہر قسم کے ڈرامے بنانے کا مشورہ دوں گی، میں نے ریٹنگ کے لیے بھی بہت سے اسکرپٹ کیے ہیں۔‘
اپنے آنے والے ڈرامے کے بارے میں بات کرتے ہوئے حریم فاروق نے کہا کہ وہ نجی چینل کی آنے والے ڈراما سیریل میں منفی کردار میں نظر آئیں گی۔