پاکستانی اسکواش کھلاڑی ماہ نور علی نے سنگاپور جونیئر اوپن چیمپیئن شپ میں گولڈ میڈل جیت لیا ہے۔ اس سے قبل ماہ نور نے آسٹریلین جونیئر اوپن اسکواش چیمپیئن شپ میں بھی گولڈ میڈل جیتا تھا۔
مزید پڑھیں
اتوار کو سنگاپور میں کھیلی جانے والی جونیئر اسکواش اوپن چیمپیئن شپ میں پاکستانی کھلاڑی ماہ نور علی نے چین کے فینگ چن کو شکست دے کر طلائی تمغہ حاصل کیا۔
ماہ نور نے چین کی فینگ چن کو 11-6 ، 11-7 اور 11-4 کے اسکور کے ساتھ شکست دے کر جونیئر اسکواش اوپن چیمپیئن شپ اپنے نام کر لی۔
اس سے قبل 14 اپریل 2024 کو پشاور سے تعلق رکھنے والی سگی بہنوں ماہ نورعلی اور مہوش علی نےآسٹریلین جونیئراوپن چیمپیئن شپ بھی جیت کر طلائی تمغہ حاصل کیا تھا۔
اسکواش کے میدان میں ابھرتی ہوئی 15 سالہ مہوش علی اور ان کی بہن ماہ نور علی بلقیس اینڈ عبدالرزاق داؤد فاؤنڈیشن کی بی اے آر ڈی فیلو ہیں۔
بلقیس اینڈ عبدالرزاق داؤد (بی اے آر ڈی) فاؤنڈیشن کی مدد سے ماہ نور علی نے 11 سال کی عمر میں اسکواش کے میدان میں خود کو ایک بہترین کم عمر کھلاڑی کے طور پر منوایا ہے۔ وہ اب تک 11 طلائی تمغے جیت چکی ہیں۔