محسن نقوی، جام کمال سمیت دیگر کابینہ ارکان حکومت کا دفاع کیوں نہیں کرتے؟ حنیف عباسی نے سوال اٹھا دیا

اتوار 9 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما حنیف عباسی نے سوال اٹھایا ہے کہ وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر تجارت جام کمال سمیت وفاقی کابینہ کے دیگر ارکان حکومتی کارکردگی لوگوں کو دکھانے کے لیے کردار کیوں نہیں ادا کررہے؟

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہماری کوئی ذمہ داری نہیں کہ میڈیا پر آکر حکومت کا دفاع کریں۔ ’لیکن پھر بھی پارٹی قائد نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف کی قربت کی وجہ سے بات ضرور کرتے ہیں‘۔

انہوں نے کہاکہ وزیر خزانہ کی چونکہ بہت سی مصروفیات ہوتی ہیں اور بہت کم ہی ٹی وی پر آتے ہیں لیکن دیگر لوگ کہاں غائب ہیں۔

حنیف عباسی نے کہاکہ پی ٹی آئی نے اپنے دور حکومت میں 35،35 ترجمان رکھے ہوتے تھے، روزانہ ان کی میٹنگ ہوتی تھی اور وہ جھوٹ کو سچ ثابت کرنے میں لگے ہوتے تھے۔

مسلم لیگی رہنما نے کہاکہ ہماری پارٹی نے عوام کے لیے بہت کام کیے ہیں مگر ہم کارکردگی عوام کے سامنے لانے میں ناکام رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہاکہ وزیر خارجہ اسحاق ڈار، اعظم نذیر تارڑ اور عطااللہ تارڑ تو اپنی ذمہ داریاں بخوبی نبھا رہے ہیں مگر سوال یہ ہے کہ دیگر لوگ کدھر غائب ہیں۔

حنیف عباسی نے کہاکہ وزیراعظم پاکستان دن رات محنت کررہے ہیں لیکن ان کا بازو بن کر جن لوگوں کو کھڑا ہونا چاہیے وہ ایسا نہیں کررہے۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز دن رات محنت کررہے ہیں جس کے ثمرات عوام کو ملنا شروع ہوگئے ہیں اور مہنگائی میں کمی آئی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp