لاہور ہائیکورٹ نے رہنما تحریک انصاف شہباز گل کے بھائی غلام شبیر کی عدم بازیابی پر ایس پی اور اے ایس پی ماڈل ٹاؤن لاہور کو معطل کرنے کے احکامات جاری کردیے ۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس امجد رفیق نے رہنما پی ٹی آئی شہباز گل کے بھائی غلام شبیر کو بازیاب نہ کرانے کے خلاف درخواست کا تحریری فیصلہ جاری کردیا ہے، تحریری فیصلہ 2 صفحات پر مشتمل ہے، فیصلے میں آئی جی پنجاب کو ایس پی اور اے ایس پی ماڈل ٹاؤن کو معطل کرنے کا حکم دیا ہے۔
مزید پڑھیں
عدالت نے حکم دیا ہے کہ آئی جی پنجاب سینیئر پولیس افسر کو مغوی کی بازیابی کے لیے تعینات کریں، عدالت نے 10 جون کو مغوی کی بازیابی کا حکم دیا تھا، اے ایس پی مغوی کی بازیابی کے لیے عدالت کو مطمئن نہ کرسکے، عدالتی حکم پرایس پی اخلاق نے پیش ہوکرعدالت کے سامنے سرد مہری کا مظاہرہ کیا۔
فیصلے میں کہا گیا کہ ایس پی نے کہا کہ اگر درخواستگزار پولیس سے تعاون کرے تو مغوی کی بازیابی کے لیے کوشش کی جائے گی، پولیس افسروں کا رویہ واضع طور پر عدالتی حکم عدولی ہے، پولیس نے 4 دنوں میں مغوی کی بازیابی کے لیے کوشش ہی نہیں کی، ایس پی نے آئندہ سماعت تک مغوی کی ہر صورت بازیابی کے لیے عدالت کو یقین دہانی کرائی تھی۔
تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ عدالت نے مغوی کی بازیابی کے لیے ایس پی کے بیان پر اسے ایک اور موقع دے دیا، مغوی کی برآمدگی کی کوشش اور نگرانی کے لیے سینئیر افسر تعینات کرے، مغوی کی بازیابی کے لیے گھر سے فیصل آباد اور اسلام آباد تک جدید آلات سے ڈھونڈا جائے۔
لاہور ہائیکورٹ کے تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ جیوفینسنگ، سی سی ٹی وی، سیف سٹی، موٹروے اور دیگر ذرائع سے ٹریس کیا جائے، مغوی کی بازیابی کے لیے میڈیا کے ذرائع بھی استعمال کیے جائیں۔