’بدوبدی‘ ماڈل کے الزامات کا چاہت فتح علی نے کیا جواب دیا؟

اتوار 16 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مشہور پاکستانی انٹرٹینر اور سوشل میڈیا ایکٹوسٹ چاہت فتح علی خان کا گانا بدو بدی یوٹیوب پر ایک ماہ قبل ریلیز ہوا تھا، اس گانے کو ایک ماہ میں 28 ملین سے زیادہ ویوز ملے، جس کے بعد اسے یوٹیوب نے کاپی رائٹس کی خلاف ورزی کی وجہ سے ہٹا دیا تھا۔

گانے کے وائرل ہونے کے فوراً بعد چاہت فتح علی خان کے ساتھ اس گانے میں پرفارم کرنے والی ماڈل وجدان راؤ نے ایک نئی بحث چھیڑ دی تھی، وجدان راؤ نے چاہت فتح علی خان کے بارے میں متعدد انٹرویوز دیے، اب چاہت فتح علی خان نے ماڈل کے الزامات پر ان کو جواب دیا ہے۔

چاہت فتح علی خان کی ایک ویڈیو فیس بک پر وائرل ہورہی ہے، جس میں انہوں نے سب سے پہلے وجدان راؤ کے الزامات کو مزاحیہ انداز میں کاپی کیا، انہوں نے ماڈل وجدان راؤ کی جانب سے لگائے گئے الزامات کا بھی جواب دیا ہے۔

چاہت فتح علی خان نے کہا ’میں نے انہیں 6 گانوں میں موقع دیا، میرے ساتھ گانوں سے پہلے انہیں کوئی نہیں جانتا تھا، میں نے انہیں کام دیا اور اب وہ رو رہی ہیں کہ میں چاہت فتح علی خان کے ساتھ کام نہیں کروں گی، مجھے نہیں معلوم تھا کہ کیا ہوا، جب میرے دوست نے مجھے بتایا کہ وہ میرے خلاف انٹرویو دے رہی ہے، میں نے انہیں بلایا اور وجہ پوچھی۔‘

چاہت فتح علی خان کا کہنا ہے کہ جب انہوں نے ماڈل وجدان سے ان سے متعلق الزامات کی وجہ پوچھی تو انہوں نے بتایا کہ وہ یہ صرف ویوز کے لیے کررہی ہیں، جس پر میں نے کہا کہ آپ تو پہلے ہی بہت مشہور ہیں، مشہور ہونے کے بعد آپ کو اتنے سستے اسٹنٹ کرنے کی ضرورت نہیں۔

’میرا اس کے ساتھ کوئی معاہدہ نہیں تھا، میں نے اسے 5 ہزار دیے جو میں اپنے ماڈلز کو دیتا ہوں، میں نے رات کے کھانے کا بھی انتظام کیا، اس کے بعد میں نے اسے رکشے کے ذریعے اس کے گھر ڈراپ دیا۔’

ماڈل کے اس الزام کا جواب دیتے ہوئے کہ وہ ان سے خطرہ محسوس کرتی ہیں، چاہت فتح علی کا کہنا ہے کہ وہ بے ضرر ہیں اور انہوں نے اپنی زندگی میں کبھی مکھی بھی نہیں ماری۔

انہوں نے ماڈل وجدان راؤ کو مشورہ دیا ہے کہ وہ شہرت کو مثبت انداز میں کیش کریں اور میڈیا انڈسٹری میں کام کریں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp