گلگت بلتستان کے ضلع شگر میں ’زہر مہرہ‘ کے نام سے ایک مخصوص پتھر بہت مشہور ہے۔ کئی برسوں سے اس قیمتی پتھر کا کاروبار جاری ہے۔
جمیل عباس اور ان کا خاندان ایک عرصے سے اس قیمتی پتھر کے کاروبار سے منسلک ہے۔ جمیل عباس کا کہنا ہے کہ یہ پتھر صرف گلگت بلتستان کے علاقے شگر ہی میں ملتا ہے۔ شگر گاؤں کے پہاڑی نالوں کو عبور کرنے کے بعد ایک سبز رنگ کا پہاڑ واقع ہے، جسے مقامی زبان میں ’پازول‘ کہتے ہیں۔یہ پتھر اس پہاڑ سے لانا بہت مشکل ہے، ویسے بھی یہ آسانی سے نہیں ملتا۔
عام پتھروں کی نسبت ’زہر مہرہ‘ نامی یہ پتھر زیادہ نرم ہے جس سے مختلف اقسام کے ٹی سیٹ، واٹر سیٹ، گلدان، شو پیس اور جیولری بنائے جاتے ہیں۔
اس کے علاوہ مختلف جانور جس میں مارخور، شاہین اور یاک شامل ہیں، بھی بنائے جاتے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ پاکستانی پرچم اور دیگر برتن بھی تیار کیے جاتے ہیں۔
اس پتھر کی کٹنگ اور پالشنگ کے لیے فیکٹری بھی قائم ہے، جہاں زہر مہرہ کے پتھروں کو لا کر مختلف ڈیزائن کی چیزیں بنائی جاتی ہیں۔
جمیل عباس کہتے ہیں کہ پاکستان کے مختلف شہروں میں زہر مہرہ کی نمائش شروع ہوئی تو لوگوں میں اس کی مانگ بڑھنے لگی۔ اب لوگ اسے بہت پسند کرتے ہیں اور اس کی خریداری بھی کرتے ہیں۔
اس پتھر سے بنائے جانے والی مختلف ڈیکوریشن کی اشیا کو نہ صرف ملکی سیاح بلکہ غیر ملکی سیاح بھی بہت پسند کرتے ہیں۔