حیدر آباد میں کھیتوں میں بکریاں جانے پر وڈیرے نے 10 سالہ بچے کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔
حیدرآباد پولیس کے مطابق حیدآباد کے علاقے سیری میں 10 سالہ بچہ طاہرملاح اپنی بکریاں چرا رہا تھا کہ اس دوران کچھ بکریاں مقامی زمیندار کے کھیت میں چلی گئیں، جس پر زمیندار نے طیش میں آکر فائرنگ کردی، جس سے بچہ جاں بحق ہوگیا۔
یہ بھی پڑھیں: کھیت میں گھسنے پر زمیندار نے کلہاڑی سے گدھے کو زخمی کردیا
ایس ایس پی حیدرآباد مطابق زمیندار کی گرفتاری کے لیے پولیس ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
‘میرا پوتا کھیل رہا تھا کہ اس دوران زمیندار نے گولی ماری’
دوسری جانب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بچے کی دادی نے بتایا کہ میرا پوتا کھیل رہا تھا کہ اس دوران زمیندار نے اسے گولی ماری، حالاںکہ بچہ کھیت میں نہیں گیا تھا بلکہ وہ ایک طرف کھیل رہا تھا، پھر بھی پتا نہیں کیوں بے گناہ بچے کو گولی ماردی گئی، زمیندار نے گولی ماری اور ساتھ ہی وہاں سے فرار ہو گیا، ہماری تو کسی سے کوئی دشمنی بھی نہیں ہے پھر بھی ہم غریبوں پر ظلم کیا جارہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عمر کوٹ : نامعلوم ملزمان نے اونٹنی کی چاروں ٹانگیں کاٹ کر ہلاک کردیا
دوسری جانب بچےکے قتل پر ورثا کی جانب سے ٹنڈو محمد خان روڈ پر احتجاج کیا گیا اور قاتل کی گرفتاری کا مطالبہ کیا گیا، پولیس کی جانب سے ملزم کے خلاف قانونی کارروائی کی یقین دہانی پربچے کے ورثا نے احتجاج ختم کردیا۔