بائیکیا رائیڈر کے روپ میں 25 وارداتیں کرنے والا ڈکیت گرفتار

بدھ 7 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کراچی میں کون کس روپ میں وارداتیں کررہا ہے، اس کا اندازہ ملزموں کی گرفتاری کے بعد ہوتا ہے، ایسا ہی معاملہ تب سامنے آیا جب ڈسٹرکٹ ایسٹ کے تھانہ نیو ٹاؤن پولیس نے بائیکیا رائیڈر کے روپ میں معصوم شہریوں سے ڈکیتی کی وارداتیں کرنے والے ڈکیت گینگ کے اہم کارندے کو گرفتار کیا۔

ایس ایس پی ضلع شرقی کے مطابق ملزم اپنے ساتھیوں سمیت ڈکیتی کی وارداتیں کرنے کے بعد اسلحہ ایمونیشن کو بیگ میں چھپا کر پولیس کو چکما دینے کے لیے بائیکیا کا ہیلمٹ پہن لیا کرتا تھا، پولیس نے تکنیکی بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم امجد خان کو گرفتار کیا۔

یہ بھی پڑھیں کراچی: لیاری گینگ وار، بھتہ خوری اور ڈکیتی کی درجنوں وارداتوں میں مطلوب اہم ملزم گرفتار

پولیس نے بتایا کہ ملزمان نے 24 ستمبر کو تھانہ نیو ٹاؤن کے علاقے میں کار سوار شہری کو اسلحہ کے زور پر واردات کا نشانہ بنایا اور موبائل فون چھیننے کے بعد فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے تھے جبکہ ایک اور واردات کار سوار شہری سے تھانہ نیو ٹاؤن کے علاقے اسٹیڈیم روڈ خاتون پاکستان کالج کے سامنے کی، جس میں شہری سے ایک 9 ایم ایم پستول، 2 لاکھ 40 ہزار روپے اور موبائل فون چھین کر فرار ہوئے گئے تھے، تیسری واردات تھانہ عزیز بھٹی کی حدود میں کی گئی جس میں ملزمان نے شہری سے موبائل فون، لیپ ٹاپ اور نقدی چھین لی۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا غیرقانونی 9 ایم ایم پستول بمعہ ایمونیشن، بائیکیا ہیلمٹ اور رقم برآمد ہوئی ہے جس کے بعد اس کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں کراچی میں نقلی پستول سے واردات کی کوشش مہنگی پڑ گئی

دورانِ تفتیش ملزم نے کراچی کے مختلف علاقوں میں 25 سے زیادہ وارداتوں کا انکشاف کیا، جس کی تفصیلات حاصل کی جارہی ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کا مزید کرمنل ریکارڈ حاصل کیا جارہا ہے، جبکہ ساتھی ملزمان کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مارے جارہے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp