جماعت اسلامی کا دھرنا، احتجاج کے دوران آج مذاکرات کا پانچواں دور ہوگا

جمعرات 8 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جماعت اسلامی کے زیراہتمام راولپنڈی کے لیاقت باغ میں جاری دھرنا 14ہویں روز میں داخل ہوچکا ہے۔ آج جماعت اسلامی احتجاج کے علاوہ حکومت کے ساتھ مذاکرات کے پانچویں دور میں بھی شریک ہوگی۔

گزشتہ روز حکومتی کمیٹی اور جماعت اسلامی کی قیادت کے درمیان مذاکرات کا چوتھا دور مکمل ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے کہا تھا کہ جماعت اسلامی کا مطالبہ ہمارا ایجنڈا بھی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: حکومتی کمیٹی اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات کا چوتھا دور مکمل، بہت سے معاملات پر اتفاق ہوگیا، عطا تارڑ

انہوں نے کہا کہ بہت سے معاملات پر اتفاق ہوگیا ہے، بعض معاملات تحریری طور پر طے ہوئے ہیں، مزید معاملات پر اتفاق ہونا ہے، وزیراعظم کا ایجنڈا ہے کہ ہم نے بجلی کی قیمتیں کم کرنی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کل شام کو جماعت اسلامی کے ساتھ مزید ایک نشست ہوگی، مارچ کرنا جماعت اسلامی کا جمہوری حق ہے۔ سیالکوٹ میں ان کے گرفتار کارکنوں کو رہا کردیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: جماعت اسلامی کا لاہور اور پشاور میں بھی دھرنا دینے کا اعلان

دوسری جانب، گزشتہ روز نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا تھا کہ شیڈول کے مطابق جمعرات کو ہمارا مارچ ہوگا، حکومت کے ساتھ بات چیت میں کوئی پیشرفت ہوئی تو میڈیا کو آگاہ کیا جائے گا۔

گزشتہ روز مذاکرات کے لیے حکومتی ٹیم میں وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ، وفاقی وزیر امور کشمیر و سیفران انجینیئر امیر مقام، مسلم لیگ (ن) کے سینیئر رہنما ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور وزیراعظم کے میڈیا کوآرڈینیٹر بدر شہباز وڑائچ شامل تھے، جبکہ جماعت اسلامی کی طرف سے مذاکراتی ٹیم کی قیادت لیاقت بلوچ نے کی۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی دھرنے میں پکوڑنے نہ ملنے پر جماعت اسلامی کے کارکنان گورنر ہاؤس کے گیٹ پر پہنچ گئے

واضح رہے کہ جماعت اسلامی کے زیراہتمام راولپنڈی کے لیاقت باغ میں مطالبات کے حق میں دھرنا جاری ہے، جماعت اسلامی کا مطالبہ ہے کہ بجلی کے بلوں میں کمی کے علاوہ حکمران اپنی مراعات کم کریں، امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان مطالبات پورے نہ ہونے کی صورت میں لاہور اور پشاور سمیت ملک بھر میں دھرنوں کا اعلان کرچکے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp