چین کے سرکاری نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی نے رپورٹ کیا کہ جمعہ کے روز چین کا سب سے مصروف ترین شپنگ ٹرمینل اس وقت زور دار دھماکے سے لرز اٹھا جب ملک کے مشرقی ننگبو زوشان بندرگاہ میں کارگو جہاز رکھے کنٹینر میں دھماکا ہوا۔
یہ بھی پڑھیں:کملا ہیرس یا ٹرمپ، امریکا کی چین پالیسی نہیں بدلے گی
چینی سوشل میڈیا ویب سائٹ ویبو پر شیئر کی گئی تصاویر اور بعد میں سرکاری خبر رساں اداروں کے ذریعے چلائی جانے والی تصاویر میں دوپہر 1 بج کر 40 منٹ پر کمان کے قریب دھماکے سے چند لمحوں قبل YM موبلٹی نامی جہاز سے دھواں اٹھتا ہوا دکھایا گیا تھا۔
ژی جیانگ کی میری ٹائم سیفٹی اتھارٹی نے کہا کہ گودی کے کارکنوں اور جہاز کے عملے سمیت کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق دھماکے کی جھٹکے کی لہر آدھے میل دور تک محسوس کی گئی، عینی شاہدین کے مطابق دھماکے سے قریبی دفتر کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔
حکام کے مطابق جہاز کلاس 5 کا خطرناک سامان لے جا رہا تھا۔ سرکاری خبر رساں ایجنسیوں نے ابتدائی نتائج کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جہاز پر موجود کنٹینرز میں سے ایک میں آگ لگ گئی تھی، حالانکہ اس کی وجہ ابھی تک جانچ کی جا رہی ہے۔