آزادی کس قدر بڑی نعمت ہے یہ صرف وہی بتاسکتا ہے جس نے اسے محسوس کیا ہو۔ پاکستان کو آزاد ہوئے 77 برس ہونے کو ہیں مگر ہماری شہ رگ یعنی جموں کشمیر کے لوگ اب بھی آزادی کی اس نعمت سے محروم ہیں۔
دوسری طرف آزاد کشمیر میں رہنے والے نہ صرف کھلی فضا میں سانس لے رہے ہیں بلکہ وہ خود کو خوش نصیب بھی سمجھتے ہیں، آزادی کے اس موقع پر یہ جانتے ہیں کہ آزاد کشمیر کی حکومت میں موجود وزرا اس پوری صورتحال پر کیا رائے رکھتے ہیں، وہ کس طرح آزادی کو مناتے ہیں۔
مضبوط پاکستان ہی کشمیر کی آزادی کا ضامن ہے، عامر یاسین
آزاد کشمیر کے وزیر ڈیزاسٹر مینجمنٹ وشہری دفاع عامر یاسین نے کہا کہ پوری قوم کو جشن آزادی مبارک ہو، آگ اور خون کے دریا کو عبور کر کے پاکستان کو آزادی کا دن نصیب ہوا۔ مضبوط پاکستان ہی کشمیر کی آزادی کا ضامن ہے۔
پاکستان کی تکمیل مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے ساتھ جڑی ہوئی ہے، نثار انصر ابدالی
وزیر صحت نثار انصر ابدالی نے کہا کہ 14 اگست کو پاکستان آزاد ہوا اہل پاکستان کو آزادی مبارک ہو۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان 14 اگست کو آزاد ضرور ہوا لیکن پاکستان کی تکمیل مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے ساتھ جڑی ہے، جب تک کشمیر پورے کا پورا آزاد نہیں ہو جاتا اس وقت تک پاکستان مکمل نہیں۔
ہم بائی چوائس پاکستانی ہیں، امتیاز نسیم
وزیر جموں کشمیر لبریشن سیل امتیاز نسیم نے کہا ہے کہ مضبوط مستحکم پاکستان تحریک آزادی کشمیر اور آزاد کشمیر کی ترقی کی ضامن ہے ۔انہوں نے پاکستانی عوام، مسلح افواج اور پاکستان کے اداروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہم کشمیری بائی برتھ تو پاکستانی نہیں ہے ہم بائی چوائس پاکستانی ہیں۔
آزادی سے بڑی نعمت کوئی نہیں ہے، نثارہ عباسی
مشیر حکومت نثارہ عباسی نے کہا کہ آزادی سے بڑی نعمت کوئی نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس اہم موقع پر پاکستانی اور کشمیریوں بھائیوں کو جشن آزادی کی مبارک ہو۔
مشیر حکومت نے کہا کہ کشمیریوں کا اور پاکستانیوں کا جو رشتہ ہے یہ لازوال ہے۔ مضبوط پاکستان ہی تحریک آزادی کشمیر کی ضمانت ہے۔
کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، ظفر اقبال
وزیر کالجز ظفر اقبال ملک نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے کشمیریوں اور پاکستانیوں کا رشتہ انمول ہے۔
ظفر اقبال نے کہا کہ بلا شعبہ مضبوط پاکستان مستحکم پاکستان تحریک آزادی کشمیر کی ضامن ہے۔
آزاد کشمیر اورمقبوضہ کشمیر کو ایک ایسی کانٹوں بھری لکیر نے منقسم کر رکھا ہے، جسے کنٹرول لائن کہا جاتاہے، اس کے دونوں اطراف بسنے والے کشمیریوں کی زندگیاں بھی مختلف ہیں۔