ٹوکیو اولمپکس کے بعد پاکستان چھوڑنے کی آفر ہوئی جسے مسترد کردیا تھا، ارشد ندیم

بدھ 14 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پیرس اولمپکس میں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 40 سال بعد پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتنے والے ایتھلیٹ ارشد ندیم نے کہا ہے کہ ٹوکیو اولمپکس کے بعد مجھے پاکستان چھوڑنے کی آفر ہوئی تھی جسے مسترد کردیا تھا۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کئی بار دوسرے ملکوں نے پیشکش کرکے کہاکہ ہمارے پاس آجائیں، آپ کو بہترین ٹریننگ دی جائے گی، اور ورلڈ چیمپیئن بھی بنایا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں وزیراعظم شہباز شریف کا قومی ہیرو ارشد ندیم کے لیے 15 کروڑ روپے انعام کا اعلان

انہوں نے کہاکہ مجھے اپنے وطن کی مٹی سے پیار ہے، میں اپنے ملک میں ہی ٹریننگ کرکے وطن کا نام روشن کروں گا۔

نیرج چوپڑا کو پاکستان آنے کی دعوت دوں گی، والدہ ارشد ندیم

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ارشد ندیم کی والدہ نے کہاکہ میں بھارتی جویلین تھرور نیرج چوپڑا کو پاکستان آنے کی دعوت دوں گی۔

یاد رہے کہ ارشد ندیم نے جیولین تھرو کے مقابلے میں 92.97 میٹر کی تھرو پھینک کر فتح اپنے نام کی تھی، جبکہ ان کے حریف بھارتی ایتھلیٹ نیرج چوپڑا دوسرے نمبر پر رہے تھے۔

ارشد ندیم کے لیے کروڑوں روپے کے انعامات

ارشد ندیم کی اس کامیابی پر ان کے لیے کروڑوں روپے کے انعامات کا اعلان کیا گیا ہے، گزشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز ان کے آبائی علاقے میاں چنوں پہنچیں جہاں انہیں 10 کروڑ روپے کا چیک دینے کے ساتھ اسپیشل نمبر پلیٹ والی گاڑی بھی ان کو تحفے میں دی۔

اس کے علاوہ ارشد ندیم وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر اسلام آباد پہنچنے، جہاں ان کو اسٹیٹ پروٹوکول میں وزیراعظم ہاؤس پہنچایا گیا اور اعزاز میں استقبالیہ دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں وفاقی حکومت کا اسلام آباد کی اہم شاہراہ قومی ہیرو ارشد ندیم کے نام سے منسوب کرنے کا فیصلہ

استقبالیہ تقریب میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے ارشد ندیم کے لیے 15 کروڑ روپے کیش انعام کا اعلان کرنے کے ساتھ ساتھ اسلام آباد کی ایک سڑک بھی ان کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp