بھولی بھالی شکل بنا کرعوام کو گمراہ نہیں کیا جا سکتا، حماد اظہرکا نوازشریف کی پریس کانفرنس پر ردعمل

جمعہ 16 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیئر رہنما حماد اظہر نے پاکستان مسلم لیگ ن کے سربراہ میاں نواز شریف کی پریس کانفرنس کو عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش قرار دیتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نے بھولی بھالی شکل بنا کرعوام کے سامنے مظلوم بننے کی کوشش کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:حماد اظہر کا پاکستان تحریک انصاف کے دونوں عہدوں سے مستعفی ہونے کا اعلان

جمعہ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس ڈاٹ کام پرشیئر کی گئی ایک ویڈیو میں پی ٹی آئی پنجاب کے صدر حماد اظہر نے کہا کہ نوازشریف دعویٰ کر رہے ہیں کہ میرے دور میں ڈالر 105 روپے تھا، توان کے دور سے قبل 60 روپے بھی تو تھا، 40 اور 20 روپے بھی رہا ہے۔

حماد اظہر نے دعویٰ کیا کہ میاں نواز شریف کے دور میں اگر ڈالر 105 روپے تھا تو وہ انہوں نے ایکسپورٹ بڑھا کر نہیں رکھا تھا، وہ قوم کے 30 ارب ڈالر مصنوعی ایکسچینج ریٹ کواوپر رکھنے کے لیے رکھا تھا، اس کی وجہ سے 2017 اور 2018 میں شدید معاشی بحران آ گیا جس کو عمران خان کی حکومت نے آ کر سنبھالا دیا اور واپس ٹریک پر ڈالا۔

یہ بھی پڑھیں:حماد اظہر نے پارٹی عہدوں سے استعفیٰ دیدیا، قیادت کا قبول کرنے سے انکار

حماد اظہر  نے اپنی ویڈیو میں یہ بھی دعویٰ کیا کہ میاں نواز شریف کے دورحکومت میں ہمارے پورے خطے اور دُنیا بھر میں ایکسپورٹس بڑھ رہی تھیں لیکن یہاں کوئی ایکسپورٹ نہیں بڑھیں بلکہ بڑھنے کے بجائے ایکسپورٹ مزید کم ہوئیں۔

حماد اظہر نے کہا کہ بجلی کے بلوں کا ریٹ بھی عمران خان کے دورِ حکومت میں 16 روپے تھا جو آج 60 سے 70 روپے ہو گیا ہے، اس کی آئی پی پیز کے ساتھ وہ مہنگے سودے ہیں جو گزشتہ 2 سالوں میں بند کمروں میں کیے گئے۔ ان کے لیے کوئی اوپن ٹینڈرز نہیں کیے گئے۔

مزید پڑھیں:حماد اظہر منظر عام پر آگئے، 51 مقدمات میں ضمانت منظور

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 2 سالوں میں فسطائیت کے ذریعے حاصل کی گئی حکومت ملک میں مہنگائی لے آئی، یہ مہنگائی میاں نواز شریف کے بھائی اور بیٹی کی حکومت میں ہی سامنے آئی۔ میاں نواز شریف اور ان کی بیٹی دونوں الیکشن ہار چکے ہیں، میاں نواز شریف نے اپنے بھائی اور بیٹی کے اقتدار کے لیے پوری قوم اور ملک کو جہنم کی آگ میں پھینک دیا۔

آج بھولی بھالی شکلیں بنا کر عوام کو گمراہ نہیں کیا جا سکتا، ہم اس پر سے پردہ اٹھاتے رہیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp