سابق آئی جی جیل خانہ جات پنجاب مرزا شاہد سلیم بیگ کو حراست میں لیے جانے کی خبر جمعے کے روز بیشتر میڈیا اداروں نے دی تھی تاہم انہوں نے ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں اپنی حراست یا گرفتاری کی تردید کرتے ہوئے میڈیا کو مطعون کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سابق آئی جی جیل خانہ جات شاہد سلیم بیگ بھی گرفتار
ویڈیو پیغام میں شاہد سلیم نے بتایا کہ وہ اپنے ہی گھر میں اپنی گرفتاری کی خبر چائے کی چسکی لیتے ہوئے سن (اور دیکھ) رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسے زرد صحافت کہتے ہیں۔
انہوں نے حساس اداروں کی جانب سے حراست میں لیے جانے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنے گھر پر موجود ہوں تاہم ابھی زیادہ بات نہیں کرسکتا۔ دوسری جانب کچھ میڈیا اداروں نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے ذرائع یہ بتاتے ہیں کہ سابق آئی جی جیل خانہ جات کو حساس اداروں نے حراست میں لیا تھا اور تحقیقات کے بعد انہیں گھر جانے کی اجازت دے دی۔
اہم خبر 🚨
سابق آئی جی جیل خانہ جات شاہد سلیم بیگ اپنے گھر میں بیٹھ کر اپنی گرفتاری کی خبر سننے کے ساتھ دراصل چائے انجوائے کررہے ہیں پتہ نہیں باقی خبروں میں گرفتار ہونے والے کہاں بیٹھے ہوں گے؟ pic.twitter.com/QVwZ5ODAHv— Aamir Saeed Abbasi (@AmirSaeedAbbasi) August 16, 2024
میڈیا نے مزید دعویٰ کیا کہ شاہد سلیم نے گھر پہنچنے کے بعد مذکورہ ویڈیو بنا کر شیئر کی اور اس وقت ٹی وی چینلز پر انہیں حراست میں لیے جانے کی خبر دہرائی جا رہی تھی۔
مزید پڑھیے: عمران خان کی سہولت کاری کا الزام، حساس اداروں نے اڈیالہ جیل کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کو حراست میں لے لیا
تاہم یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ شاہد سلیم بیگ 5 سال قبل آئی جی جیل خانہ جات رہے تھے اور ظاہر ہے وہ پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین عمران خان کو جیل ہونے سے پہلے ہی اپنا عہدہ چھوڑ چکے تھے۔
واضح رہے کہ اڈیالہ جیل کے سابق ڈپٹی سپرنٹینڈینٹ محمد اکرم کو حساس اداروں نے اپنی تحویل میں لیا ہوا ہے اور ان پر الزام ہے کہ انہوں نے اڈیالہ جیل میں قید عمران خان کی سہولت کاری کی تھی اور ان کے لیے پیغام رسانیاں کرتے تھے۔