ہانگ کانگ میں پانڈا کے ہاں جڑواں بچوں کی پیدائش

اتوار 18 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ہانگ کانگ کی دیو قامت پانڈا یِنگ یِنگ 19 سال کی عمر میں جڑواں بچوں کو جنم دے کر پانڈوں کی دنیا کی معمر ترین ماں بن گئی ہے۔

دیوقامت پانڈا یِنگ یِنگ نے جمعرات کو ہانگ کانگ کے اوشین پارک میں جڑواں بچوں کو جنم دیا، اس سے ایک دن قبل وہ 19 سال کی ہو گئی، اس کے بچے نایاب ہیں کیونکہ اگر وہ انسان ہوتی تو اس کی عمر 57 سال ہوتی۔

یہ بھی پڑھیں:جاپانی دریافت آبی مخلوق کا پانڈا سے کیا تعلق ہے؟

یِنگ یِنگ کی دیکھ بھال کرنے والوں کے مطابق پانڈا کے بچے بہت نازک ہوتے ہیں اور انہیں صحتمند رکھنے کے لیے وقت اور دیکھ بھال کی ضرورت ہوتی ہے، انہیں آئی سی یو میں رکھا گیا ہے۔

اوشین پارک ہانگ کانگ انتظامیہ نے اس حوالے سے کہا ’ہم سب دیو ہیکل پانڈا کے بچوں سے ملنے کے منتظر ہیں، براہ کرم کچھ مہینے صبر کے ساتھ ان کے منظرعام پر آنے کے لیے انتظار کریں اور باضابطہ طور پر سب سے ملیں۔‘

یِنگ یِنگ نے ایک نر اور ایک مادہ بچے کو جنم دیا ہے، ان دونوں میں سے بہن پانڈا اپنے بھائی سے کمزور ہے، کیونکہ اس کے جسم کا درجہ حرارت کم ہے، اس کا وزن صرف 122 گرام ہے۔

یِنگ یِنگ اور بچوں کے والد لی لی نے مارچ میں اوشین پارک میں کامیابی کے ساتھ ملاپ کیا، یہ جوڑا 2007 سے پارک میں موجود ہے، جب انہیں بیجنگ نے ہانگ کانگ کو تحفے کے طور پر پیش کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں : مشرقی چین کے ایک چڑیا گھر میں کتے ’ پانڈا ‘ کیسے بن گئے؟

اس سے قبل یِنگ یِنگ 2015 میں حاملہ ہوئی تھی، لیکن اس کا اسقاط حمل ہوگیا تھا۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ چین پانڈا ریچھوں کی آبادی میں کمی کو روکنے کے لیے انتھک کوشش کررہا ہے۔ ملک کی کوششوں کی وجہ پانڈا ریچھ اب معدومیت کے دہانے پر نہیں ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp