حکومتی اقدامات کی بدولت آئی ٹی برآمدات میں 30 فیصد اضافہ ہوا، وزیراعظم کو بریفنگ

پیر 19 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کے زیر صدارت اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ حکومتی اقدامات کی بدولت گزشتہ برس کی نسبت آئی ٹی برآمدات میں 30 فیصد کا اضافہ ہوا۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت انفارمیشن ٹیکنالوجی شعبے کے منصوبوں، آئی ٹی برآمدات میں اضافے کے لیے اقدامات کے نفاذ اور ڈیجیٹائیزیشن پر جائزہ اجلاس ہوا جس میں انہوں نے کہاکہ اسلام آباد آئی ٹی پارک کے منصوبے پر اب تک کی پیشرفت اطمینان بخش ہے۔

یہ بھی پڑھیں ملک میں آئی ٹی برآمدات میں 39.4 فیصد اضافہ ریکارڈ

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ کورین ماہرین سے مشاورت کے بعد اس کی تعمیراتی مدت میں مزید کمی کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں۔

اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ آئی ٹی پارک کے منصوبے پر کام تیزی سے جاری ہے، کورین کمپنی نے آئی ٹی پارک کی تکمیل کی مدت کو جون 2025 سے کم کرکے فروری 2025 کردیا ہے۔

حکام نے بتایا کہ اسلام آباد آئی ٹی پارک پر 24 گھنٹے کام جاری ہے، سی ڈی اے کی ٹیمیں کام کی نگرانی کے لیے باقاعدگی سے سائیٹ کا دورہ کررہی ہیں۔

اسلام آباد آئی ٹی پارک کی تعمیر سے ملکی آئی ٹی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا، وزیراعظم

اس موقع پر وزیراعظم نے کہاکہ اسلام آباد آئی ٹی پارک کی تعمیر سے ملکی آئی ٹی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا،25 ارب ڈالر کی آئی ٹی برآمدات کے ہدف کو حاصل کرنے کے لیے آئی پارک ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔

اجلاس کو ڈیجیٹل اسمارٹ سٹیز کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی، اور بتایا گیا کہ اسلام آباد سے ڈیجیٹل اسمارٹ سٹیز کے پائلٹ پراجیکٹ کا اجرا کیا جارہاہے۔

حکام نے بتایا کہ شہریوں کو اسلام آباد سٹی سپر ایپلیکیشن کے ذریعے 150 سروسز کی آسان رسائی ہوگی۔ موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے حکومتی و انتظامی خدمات بشمول، کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی، اسلام آباد پولیس، صحت اور تعلیم کی سروسز میسر ہونگی۔

وزیراعظم نے کہاکہ شہریوں کو حکومتی خدمات کے لیے موبائل ایپلی کیشن کے استعمال کی حوصلہ افزائی کی جائے۔

آئی ٹی کے شعبے کی 5 ماہ کی کارکردگی پر وزیراعظم کو بریفنگ

اجلاس کو آئی ٹی شعبے کی گزشتہ 5 ماہ کی کارگردگی کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا، اور بتایا گیا کہ حکومتی اقدامات کی بدولت آئی ٹی برآمدات میں 30 فیصد اضافہ ہوا۔

حکام نے بتایا کہ گزشتہ 5 ماہ میں 3 لاکھ طلبہ آئی ٹی اسکلز کے پروگرامز میں تربیت کے لیے رجسٹرڈ ہوئے، 4 نئے انکیوبیشن سینٹر کا اجرا کیا گیا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک میں حکومت کے اقدامات کی بدولت موبائل فونز کی تیاری میں 30 فیصد اضافہ ہوا اور موبائل استعمال کرنے والوں کی تعداد میں 8 لاکھ کا اضافہ ہوا۔

’آئی ٹی برآمدات کو 25 ارب ڈالر تک پہنچانے کے لیے ادارے مل کر کام کررہے ہیں‘

حکام کے مطابق وزیرِ اعظم کے ویژن کے مطابق پاکستان کی آئی ٹی برآمدات کو 25 ارب ڈالر پر پہنچانے کے لیے آئی ٹی شعبے سے متعلقہ تمام ادارے مل کر منصوبوں پر کام کررہے ہیں۔

اجلاس کو آئی ٹی شعبے کے مختلف منصوبوں میں سرمایہ کاری اور ان سے آئی ٹی برآمدات میں مرحلہ وار اضافے پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ آئی ٹی شعبے میں 77 ملین ڈالر کی حکومتی سرمایہ کاری سے آئی ٹی برآمدات میں 2.5 ارب ڈالر کا اضافہ متوقع ہے۔ ملکی ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن سے 10 ارب ڈالر، ٹیلی کام شعبے سے 2 ارب جبکہ حکومتی اقدامات سے آئی ٹی برآمدات میں 13 ارب ڈالر کا زر مبادلہ متوقع ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک بھر میں وفاقی حکومت کی تمام خدمات بشمول مالیاتی، صحت، زراعت، تعلیم، انتظامی اور سیکیورٹی کی خدمات موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے شہریوں تک رسائی کے لیے منصوبہ حتمی مراحل میں ہے۔

وزیراعظم کی آئی ٹی شعبے کے حوالے سے تمام اقدامات کو مکمل کرنے کی ہدایت

وزیراعظم نے آئی ٹی شعبے کے حوالے سے تمام اقدامات کو معینہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔

یہ بھی پڑھیں حکومت کا آئندہ 3 سالوں میں آئی ٹی کی برآمدات کو 10 ارب ڈالر تک بڑھانے کا اعلان

اجلاس میں وفاقی وزرا احسن اقبال، احد چیمہ، محمد اورنگزیب، عطااللہ تارڑ، وزیرِ مملکت برائے آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن جہانزیب خان، وزیرِ اعظم کے کوارڈینیٹرز ملک مختار بھرتھ، رانا احسان افضل اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp