رنگ فلم فیسٹیول، امریکا میں پاکستانی فلم میکرز کا عالمی ایوارڈ میلہ

ہفتہ 24 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکی ریاست ہیوسٹن میں قائم انڈس آرٹس کونسل کے زیر اہتمام اور ہالی ووڈ کے پاکستانی امریکی اداکاروں کی سپورٹ سے شروع کیا جانے والا ’رنگ فلم فیسٹیول‘ ایسا عالمی فلمی میلہ ہے جو دنیا بھر کے پاکستانی فلمسازوں اور تخلیق کارو ں کی کسی بھی شعبے ، کسی بھی فارمیٹ، کسی بھی دورانیے اور کسی بھی موضوع پر بنائی ہوئی فلموں کو ایک ہی پلیٹ فارم پر نمائش کے لیے پیش کرتا ہے اور بہترین فلموں کو ایوارڈز سے نوازتا ہے۔

اگرچہ پاکستانی اور پاکستانی امریکی فلمساز، پروڈیوسرز، رائٹرز اور ڈائریکٹرز اپنی فلموں کو امریکا میں منعقدہ مختلف فلم فیسٹیولز میں پیش کرتے رہتے ہیں مگر ان کی تعداد بھارتی امریکی فلمسازوں یا دوسری کمیونیٹیز کے فلمسازو ں کے مقابلے میں بہت کم ہے۔ مقابلہ سخت ہونے کی وجہ سے ان کے لیے پذیرائی کے مواقع کم ہو جاتے ہیں۔

لیکن رنگ فلم فیسٹیول امریکہ کا وہ واحد اور منفرد پلیٹ فارم ہے جہاں صرف پاکستانی فلمسازوں کی بنائی ہوئی فلموں کو نمائش میں پیش کیا جاتا ہے خواہ وہ امریکا میں ہوں، یا دنیا میں کسی بھی جگہ ہوں۔ امسال فیسٹیول میں امریکا، کینیڈا، بھارت، پاکستان، ایران اور جنوبی کوریا کے علاوہ دنیا بھر میں آباد پاکستانی فلم میکرز کی 100 سے زیادہ فلموں کو نمائش اور مقابلے کے لیے پیش کیا گیا اور مختلف کیٹیگریز میں بنائی گئی بہترین فلموں کو ایوارڈ سے نوازا گیا۔

مزید پڑھیں:کین فلم فیسٹیول: بھارتی اداکارہ کنی کسروتی نے تربوز کی شکل کا پرس اٹھا کر دنیا کو کیا پیغام دیا؟

مقابلے کے لیے زیادہ تر فلمیں امریکا اور کینیڈا کے پاکستانی نژاد فلمسازوں نے آن لائن بھیجی تھیں جنہیں پاکستانی امریکی ہالی ووڈ اداکار کامران شیخ سمیت ماہر جیوری نے دیکھا اور مختلف کیٹیگریز میں ایوارڈز کے لیے منتخب کیا۔ فلموں کو حال ہی میں ہیوسٹن میں 2 روزہ رنگ فلم فیسٹیول میں پیش کیا گیا جنہیں دیکھنے کے لیے ہیوسٹن بھر سے سینکڑوں لوگ آئے۔

اگلا رنگ فلم فیسٹیول 19 یا 20 اپریل 2025 میں ہیوسٹن ہی میں ہوگا۔ اس مقابلے میں شرکت کے لیے یکم اگست 2024 سے 31 اکتوبر 2024 تک فلمیں بھیجی جاسکتی ہیں، اس کی ڈیڈ لائن 31 دسمبر 2024 ہوگی۔ وہ تمام فلم میکرز مقابلے میں حصہ لے سکتے ہیں جن کی فلم کے عملے میں کم از کم ایک پاکستانی شامل ہو خواہ وہ کسی بھی ملک میں مقیم ہوں۔

فلمیں 2021 سے 2025 کے دوران بنی ہوں۔ اسکرپٹ، سین، گانوں میں یا بیک گراؤنڈ میوزک میں اردو زبان کے 2 جملے ضرور شامل ہوں۔ جب کہ فلم کی موسیقی اور تصاویر سمیت تمام مواد کے لیے کاپی رائٹ میڈیا کے حقوق اور اجازت شامل ہونی چاہیے۔

مزید پڑھیں:پاکستان کے لیے اعزاز، کانز فلم فیسٹیول میں پاکستان کی اینیمیٹڈ فلم پیش کی جائے گی

امسال شارٹ فیچر کیٹیگری میں اول آنے والی فلم لمیاز پوئم تھی جو شام کی ایک پناہ گزین 12 سالہ لڑکی لمیا کی کہانی پر مبنی تھی۔ کینیڈا سے تعلق رکھنے والے پاکستانی فلم ڈائریکٹر کاشف پاستا کی ڈائریکٹ کی ہوئی دیسی اسٹینڈرڈ ٹائم ٹریول فلم نے شارٹ فیچر کیٹیگری میں ایوارڈ حاصل کیا۔ یہ فلم ایک ایسے شخص کی کہانی ہے جس کے والد اس وقت انتقال کر جاتے ہیں جب وہ خود باپ بنتا ہے۔

شادی اور مادہ پرستی کے گرد گھومتی فلم بوجھ میں اجاگر کیا گیا ہے کہ ماڈرن دنیا میں شادی کے رسم و رواج کس طرح بوجھ بن چکے ہیں۔اس فلم کو اسٹوڈنٹس کی بنائی ہوئی فلم کیٹگری میں ایوار ڈ دیا گیا۔ فلم کو ایک پاکستانی محمد اویس حسن نے ڈائریکٹ کیا تھا۔ ڈائریکٹر عمر ریاض کی ڈائریکشن میں بننے والی فلم ’دی آفٹر۔ اے شیفس وش‘ نے بھی شارٹ کیٹیگری میں بہترین فلم کا ایوارڈ جیتا۔

ڈائریکٹر شعیب سلطان کی فلم گنجل نے بہترین فیچر فلم کا ایوارڈ حاصل کیا۔ جس میں 1990 کی دہائی میں قالین بافی کی صنعت میں چائلڈ لیبر کو موضوع بنایا گیا ہے۔ شارٹ کیٹیگری فلم میں ڈائریکٹر امینہ چوہدری کی بنائی ہوئی فلم ’لیو لائک حارث‘ نے ایوارڈ جیتا۔ جو انڈیانا کے ایک پاکستانی امریکی پائلٹ باپ بیٹے کی سچی کہانی ہےجو اپنے نجی طیارے پر دنیا کا چکر لگانے کی ایک مہم کے دوران حادثے کا شکار ہو کرہلاک ہو گئے تھے۔

مزید پڑھیں:کانز فلم فیسٹیول میں پہلی سعودی فلم ’نورہ‘ کی نمائش کا اعلان

محمد علی اعجاز کی ہدایات میں بننے والی فلم ’اولی کھولی‘ نے رنگ فیسٹیول میں، بہترین اسٹوڈنٹ کیٹیگری میں ایوارڈ حاصل کیا جس میں ایک آرٹسٹ کومو ہولا اور جنگلی حیات کے تحفظ کا ایک علمبردار امریکی ریاست ہوائی میں معدومیت کے خطرے سے دوچار گھونگوں اور اس کے ہوائی لوگوں کے کلچر اور ثقافت پر پڑنے والے تکلیف دہ اثرات کو موضوع بنایا گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp