چلیں بھئی ڈگری تو ہو گئی۔ جتنا پڑھنا تھا پڑھ لیا۔ اب بس جاب پکڑنی ہے۔ جلد سے جلد اچھی سی نوکری ملے اور ہم بھی اپنی قابلیت ثابت کریں۔ لیکن آخر نوکری ملے گی کیسے؟
جی ہاں۔ یہ وہ سوال ہے جس کے لیے ہر نوجوان اپنے علمی سفر کو خیرباد کہتے ہی سوچ میں پڑ جاتا ہے۔ بہت سے دور اندیش اور سیانوں میں اٹھنے بیٹھنے والے طلبہ تو زمانہ طالب علمی میں ہی انٹرن شپس وغیرہ تلاش کر چکے ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ بھی اچانک نوکری سے ہاتھ دھونے والے افراد کے لیے دوبارہ ملازمت کی تلاش اور کیرئیر میں آگے بڑھنے کی رہنمائی اور مدد حاصل کرنا ایک ایک ایسا درد سر ہے جس کا حل آپ کے ہاتھ میں پکڑے موبائل فون میں ہی موجود ہے۔ روزگار کے متلاشی افراد کے لیے اس حوالے سے بنائی گئی جدید موبائل ایپلیکیشنز کسی جادو کے چراغ سے کم نہیں جن سے دنیا بھر میں کروڑوں صارفین مستفید ہو رہے ہیں۔
تو چلیے آج آپ کو چند ایسی ایپس کے بارے میں بتاتے ہیں جو آپ کو روزگار کے حصول کے علاوہ اپنے کیریئر اور قابلیت کو مزید بڑھانے میں نمایاں کردار ادا کرسکتی ہیں۔
2002 میں ویب سائٹ کی صورت وجود میں آنے والا لنکڈ ان بنیادی طور پر پیشہ ور افراد کے لیے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ہے۔ لنکڈ ان 200 سے زائد ممالک میں موجود ہے اور اس پلیٹ فارم سے 900 ملین سے زائد صارفین دنیا بھر میں جڑے ہوئے ہیں۔ ایک دعوے کے مطابق ہر منٹ میں 3 افراد لنکڈ ان کے زریعے ملازمت حاصل کرتے ہیں۔
عالمی سطح پر ملازمت کے حوالے سے مقبول ترین یہ ایپلیکیشن نہ صرف مختلف ممالک کے پیشہ ور افراد کو ایک دوسرے سے مواصلاتی طور پر جوڑتی ہے بلکہ ملازمت کی تلاش کرنے والوں کو ان کے شعبے سے متعلق گلوبل ٹرینڈز اور جدید کورسز وغیرہ سے آگاہی بھی فراہم کرتی ہے۔
اس کے علاوہ لنکڈ ان میں ملازمت کی تلاش، اداروں کی جانب سے ملازمت کے اشتہار، سی وی بنانے کے طریقے، نیٹ ورکنگ اور دیگر کئی ایسے فیچرز موجود ہیں جن سے کوئی بھی شخص استفادہ کرسکتا ہے۔
Rozee.pk
یہ پاکستان میں ملازمت کی تلاش کا ایک اہم پلیٹ فارم ہے، جو 2007 سے لاکھوں افراد کو روزگار کے حصول میں مدد فراہم کررہا ہے۔ اس پلیٹ فارم پر 50,000 سے زائد آجر رجسٹرڈ ہیں۔ جبکہ 1 ملین افراد اس ایپلیکیشن کے زریعے روزگار حاصل کر چکے ہیں۔ Rozee.pk کی ایپلیکیشن میں صارف کے لیے موزوں جاب اور ادارے کی تلاش کے فیچرز کے علاوہ کیریئر اور انٹرویو کے حوالے سے مفید مشورے جیسے فیچرز بھی شامل ہیں جو آپ کو ادارے یا آجر کے سامنے نمایاں بنانے میں مدد کرتے ہیں۔
Indeed
یہ ایپلیکیشن 60 سے زیادہ ممالک میں استعمال کی جاتی ہے اور اب تک دنیا بھر میں 100 ملین سے زیادہ لوگوں کو نوکریاں تلاش کرنے میں مدد فراہم کرچکی ہے۔ Indeed پر اپنی سی وی اپلوڈ کرنے کے علاوہ ماہرین کی رائے کے مطابق سی وی بنانے کا آپشن بھی موجود ہے جو آپ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مزید نکھار کر پیش کرتا ہے۔ Indeed میں ادارے مختلف پوزیشنز کے لیے اشتہار دیتے ہیں جہاں وہ کام کی نوعیت، مطلوبہ تعلیم اور تجربے کے علاوہ تنخواہ وغیرہ کی بنیادی معلومات بھی واضح کرتے ہیں۔ ملازمت کے متلاشی افراد دی گئی معلومات سے استفادہ کرسکتے ہیں اور اپنی پسند کی ملازمت کے لیے اپلائی کرسکتے ہیں۔
Zip Recruiter
امریکہ اور کینیڈا میں مقبول ترین ایپلیکیشن پاکستان میں بھی ملازمت کے حصول کے لیے بہترین انتخاب ہے۔ ایپلیکیشن کے دعوے کے مطابق اس سے جڑے 80% ملازمت کے متلاشیوں کو محض 2 ہفتوں کے اندر نوکری مل جاتی ہے۔ اس ایپلیکیشن کی منفرد خصوصیات میں ملازمت کے متلاشی افراد کی درج شدہ معلومات دیکھ کر آجر کا خود رابطہ کرنا بھی شامل ہے۔
Career Builder
یہ ایپلیکیشن 20 سے زیادہ ممالک میں موجود ہے اور 80 ملین افراد اس میں رجسٹرڈ ہیں۔ CareerBuilder کی خصوصیات میں ملازمت کی تلاش، کیرئیر کے حوالے سے مفید مشورے دینے کے علاوہ جدید نقشہ سازی کے زریعے ایک میل کے فاصلے پر مطلوبہ ملازمتوں کی معلومات فراہم کرنا شامل ہے۔
Glassdoor
یہ ایپلیکیشن 20 سے زیادہ ممالک میں استعمال کی جاتی ہے اور اب تک 11 ملین صارفین اس سے استفادہ کر چکے ہیں۔ اس ایپ نے کی پوسٹنگ کے ساتھ لاکھوں لوگوں کو نوکریاں تلاش کرنے میں مدد کی ہے۔ Glassdoor کی خصوصیات میں ادارے کا جائزہ، تنخواہ کی معلومات اور مطلوبہ ملازمتوں کی فہرست وغیرہ شامل ہیں۔
تو اب اگر آپ نے کسی شعبے میں تعلیم حاصل کی ہے یا کوئی ہنر رکھتے ہیں تو اب وقت ضائع کرنے کا آپ کے پاس کوئی جواز نہیں۔ بس موبائل فون اٹھائیں اور اوپر دی گئی ایپلیکیشنز کی مدد سے دنیا میں اپنی صلاحیتوں کو منوانے کے لیے تیار ہوجائیں۔