پہلی پاکستانی خاتون سلیمہ امتیاز آئی سی سی انٹرنیشنل کرکٹ امپائر نامزد

اتوار 15 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کی خاتون امپائر سلیمہ امتیاز کی آئی سی سی کے انٹرنیشنل پینل آف ڈیولپمنٹ امپائرز میں نامزدگی ہوگئی ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق ان کی نامزدگی کے بعد سلیمہ امتیاز خواتین کے دو طرفہ بین الاقوامی میچوں اور آئی سی سی ویمنز ایونٹس میں فرائض انجام دیں گی جو پاکستان کی کرکٹ کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل ہے۔

 سلیمہ امیتاز  یہ اعزاز حاصل کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون ہیں، اس نامزدگی کے بعد وہ دو طرفہ انٹرنیشنل سیریز اور آئی سی سی ویمنز ایونٹس میں امپائرنگ کرسکیں گی۔ سلیمہ امتیاز آئی سی سی انٹرنیشنل پینل آف ڈیولپمنٹ امپائرز میں نامزدگی کے بعد جنوبی افریقہ ویمنز کے خلاف ٹی20 ہوم سیریز میں امپائرنگ کریں گی۔

مزید پڑھیں: ایک کردار جو بھارت کے لیے ہمیشہ بدشگون رہا

سلیمہ امتیاز کی عمر 52سال ہے اور وہ پاکستانی ویمن کرکٹر کائنات امتیاز کی والدہ ہیں۔ انہوں نے اپنے امپائرنگ کرئیر کا آغاز 2008 میں پی سی بی ویمنز امپائرز پینل کے ساتھ کیا تھا اور ان کے وسیع تجربے میں ایشین کرکٹ کونسل کے تحت اعلیٰ سطح کے ایونٹس میں امپائرنگ شامل ہے۔

ان کے کیریئر میں 2022 اور 2024 اے سی سی ویمنز ٹی20 ایشیا کپ اور 2023 میں اے سی سی ایمرجنگ ویمنز کپ ہانگ کانگ قابل ذکر ہیں۔ حال ہی میں وہ کوالالمپور میں اے سی سی ویمنز پریمیئر کپ 2024 کی  پلیئنگ کنٹرول ٹیم کی رکن بھی تھیں۔

یہ پڑھیں: جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کے لیے پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کا اعلان

اس موقع پر سلیمہ امتیاز کا کہنا ہے کہ یہ صرف میرے لیے نہیں پوری قوم کے لیے خوشی کا موقع ہے، اس نامزدگی سے دیگر خواتین کی بھی بھرپور حوصلہ افزائی ہوگی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp