نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ آئینی ترامیم کے لیے نمبر گیم کب سے پوری ہے، بات نمبر گیم سے آگے چلی گئی ہے۔
اتوار کے روز وزیر خارجہ اور ڈپٹی وزیراعظم سینیٹر اسحاق ڈار اور وزیرقانون اعظم نزیر تارڑ کے ہمراہ حکومتی اتحادی متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے وفد سے ملاقات کی ہے۔
صحافی نے اسحاق ڈار سے سوال کیا کہ کونسی ترامیم لارہے ہیں؟ اس سوال کے جواب میں اسحاق ڈار نے کہا ترامیم کا کابینہ کو نہیں پتا تو مجھے کیسے پتا ہوگا۔
وفاقی وزیرقانون اعظم نزیر تارڑ نے کہا کہ آئینی ترامیم پہلے کابینہ پھر ایوان میں لائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: تلخیاں بھلا کر قوم کو آگے لے جانے کی ضرورت ہے، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار
اس موقع پر آئینی ترمیم سے متعلق ایم کیو ایم پاکستان کی پارلیمانی کمیٹی سے مشاورت کی، دوران ملاقات متحدہ نے مجوزہ آئینی ترمیمی بل پر غور کیا جبکہ حکومتی سینیٹرز نے انہیں اس بارے میں بریفنگ بھی دی۔
ایم کیو ایم ترجمان نے حکومتی وفد سے پارٹی کی پارلیمانی قیادت کی ملاقات کی تصدیق کی اور کہا کہ دونوں وزراء نے مجوزہ ترمیمی بل پر قیادت کو اعتماد میں لیا ہے۔