وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی جانب سے افغان حکومت کے ساتھ براہِ راست مذاکرات کے اعلان کے بعد افغان ناظم الامور نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے ابھی تک کوئی رابطہ نہیں کیا گیا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے افغان ناظم الامور سردار احمد شکیب نے کہاکہ ہم پاکستان کے ساتھ اچھے اور گہرے تعلقات رکھنا چاہتے ہیں، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں علی امین گنڈاپور کا افغانستان سے براہ راست مذاکرات کا بیان وفاق پر حملہ ہے، خواجہ آصف
انہوں نے کہاکہ پاکستان یا کسی اور ملک میں جاکر کارروائی کرنے کی کسی کو بھی اجازت نہیں دی جائے گی۔
افغان ناظم الامور نے کہاکہ کوئی افغان شہری دوسرے ملک میں جاکر کوئی کارروائی نہیں کرسکتا، اور اپنے ملک میں بھی کسی گروہ کی مدد نہیں کرسکتا، اس حوالے سے امیرالمئومنین کے سختی سے احکامات ہیں۔
انہوں نے کہاکہ امیرالمئومنین نے سختی سے حکم دے رکھا ہے کہ اگر کوئی اس حوالے سے خلاف ورزی کرتے ہوئے پایا گیا تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
سردار احمد شکیب نے کہاکہ افغانستان حکومت چاہتی ہے پاکستان میں امن ہو، ہمارے توسط سے پاکستان کے ٹی ٹی پی کے ساتھ کوئی مذاکرات نہیں ہورہے۔
یہ بھی پڑھیں علی امین گنڈاپور کی افغان نمائندوں سے ملاقات، عمران خان نے حمایت کردی
افغان ناظم الامور نے کہاکہ ایک ماہ سے زیادہ عرصہ سے پشاور طورخم راستہ بند ہے، جس کی وجہ سے فروٹ اور سبزی کی تجارت کو بھاری نقصان پہنچا، جو قابل افسوس ہے۔