پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان لاہور میں ہفتہ کو ہونے والے جلسے کے حوالے سے پرجوش ہیں اور مختلف ویڈیوز کے ذریعے اپنے جذبات کا اظہار کر رہے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے لاہور کے ایک کارکن نے ویڈیو جاری کی ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ ان کی پارٹی کو کاہنہ میں جلسے کی اجازت مل گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کا لاہور جلسہ: علی امین گنڈاپور کی معذرت سے متعلق شرط ختم
انہوں نے اپنا نام فرخ جاوید بتاتے ہوئے کہا کہ ہم سب نکلیں گے اور جلسے کو کامیباب بنائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ جلسہ خان اور پاکستان لیے ہے ہم دونوں کے لیے نکلیں گے۔
شیئر کی گئی ایک اور ویڈیو میں پی ٹی آئی کے کچھ کارکنان کھڑے دکھائی دیے جن میں سے ایک گفتگو کر رہے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ اگر راستے بند کرنے کا سوچ رہی ہے تو اس ارادے سے فوراً باز آجائے کیوں کہ جب عمران خان نے کہہ دیا ہے کہ جلسہ ہوگا تو بس جلسہ ہوگا۔
مزید پڑھیے: پی ٹی آئی جلسہ: کنٹینرز سے نمٹنے کے لیے کرینز کا لشکر لاہور گامزن
انہوں نے کہا کہ اگر راستے بند کے بھی گئے تو ہم انہیں کھول لیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں جلسہ ہر حال میں کرنا ہے اور انتظامیہ کسی صورت ہمیں روک نہیں سکتی اور اسے چاہیے کہ ایسی کوششیں کرکے ملک کے حالات خراب نہ کرے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان ہماری ریڈ لائن ہیں اور انہوں نے کہہ دیا تو بس کہہ دیا اب جلسہ تو ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے کارکنوں کو گرفتار کرنے کی کوشش نہ کی جائے اور اگر پکڑے ہیں تو انہین فوری طور پر رہا کردیا جائے۔