آئی ایم ایف کی تمام شرائط پوری کردی ہیں، جلد معاملات طے پاجائیں گے، وزیر اعظم

بدھ 25 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ چین نے ماضی کی طرح اس مرتبہ بھی پاکستان کا ہاتھ تھاما، ہم نے معاشی چیلنجز کو قبول کیا اور انہیں حل کرنے کی کوشش کی، کل آئی ایم ایف بورڈ کی میٹنگ ہے، آئی ایم ایف کی کڑی شرائط تھیں، ہم نے ان کی تمام شرائط پوری کردی ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے رجب طیب اردوان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ کے صدر کی تقریر فلسطینیوں کے دلوں کو چھو لینے والی تھی، ترک صدر سے بہت سے معاملات پر سیر حاصل گفتگو ہوئی ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے امریکا میں ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کی، فلسطین سے متعلق ان کی تقریر کی تعریف کی اور دورہ پاکستان کی دعوت کی۔ جس پر ترک صدر نے جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

مزید پڑھیں: ترک صدر نے دنیا کو نئی جنگوں سے کیوں خبردار کیا؟

دونوں رہنماؤں کا دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال ہوا اور تجارت، سرمایہ کاری، دفاع و سلامتی کے شعبوں میں باہمی طور پر مفید تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ انہوں نے مستقبل قریب میں اسلام آباد میں منعقد ہونے والے پاکستان-ترکیہ اعلیٰ سطحی سٹریٹجک کوآپریشن کونسل (HLSCC) کے آئندہ 7ویں اجلاس کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔

دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی امور بالخصوص غزہ میں جاری نسل کشی اور سنگین انسانی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے غزہ میں فوری طور پر انسانی بنیادوں پر جنگ بندی اور گشیدگی کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان برادرانہ تعلقات ہیں، ترک صدر بہت جلد پاکستان کا دورہ کریں گے، ہم نے آئی ایم ایف کی بہت کڑی شرائط بھی پوری کردی ہیں، سعودی عرب، چین اور یو اے ای کے تعاون کا شکر گزار ہوں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان برادرانہ تعلقات ہیں، ترک صدر بہت جلد پاکستان کا دورہ کریں گے

شہباز شریف نے کہا کہ چین، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات کا دل کی اتھاہ گہرائیوں سے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں، ان کے تعاون کے بغیر یہ ممکن نہیں تھا، آئی ایم ایف معاہدہ حتمی مراحل میں ہے، آئی ایم ایف کی کچھ شرائط کا تعلق چین سے تھا، چینی حکومت نے ماضی کی طرح دوبارہ پاکستان کا ہاتھ مضبوط کیا۔

انہوں نے چینی لیڈر شپ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ معاشی چیلنجز کو ہم نے قبول کیا، اللہ تعالیٰ کے بے پناہ فضل و کرم سے حکومت اور تمام اداروں کی اجتماعی کاوشوں سے معاشی چیلنجز پر قابو پایا، معاشی اشاریوں میں بتدریج بہتری آرہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اسرائیل ایک دہشتگرد ریاست، نیتن یاہو کا اختتام قریب ہے، ترک صدر اردوان

وزیر اعظم نے ترکیہ کے صدر کے خطاب کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ کے صدر نے فلسطین کا مسئلہ جس طرح بیان کیا، اس نے پورے ہال میں موجود لوگوں کے دلوں کو چھوا، ترکیہ کے صدر کو ان کے خطاب پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

وزیر اعظم نے غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر تسلط جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کے لیے ترکیہ کی مضبوط اور مستقل حمایت کو سراہا۔

ملاقات کے دوران صدر ایردوان نے وزیر اعظم شہباز شریف کی معاشی پالیسیوں کی تعریف کی جن کی بدولت پاکستان کی معیشت میں استحکام آیا اور وزیر اعظم کی قیادت اور اقتصادی اصلاحات کے عزم کو سراہا۔ مزید برآں صدر اردوان نے وزیراعظم شہباز شریف کو سالگرہ کی مبارکباد بھی دی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp