ڈنمارک میں اسرائیلی سفارت خانے کے قریب 2 دھماکے ہوئے ہیں جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مختلف علاقوں سے 3 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:جاپان کے ہوائی اڈے پر امریکی بم پھٹنے سے زور دار دھماکا، انٹرنیشنل پروازیں منسوخ
بدھ کو ڈنمارک کی پولیس نے کہا ہے کہ وہ اسرائیلی سفارت خانے کے قریب ہونے والے 2 دھماکوں کی تحقیقات کر رہی ہے اور 3 افراد کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لے لیا گیا ہے۔
پولیس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ 2 افراد کو کوپن ہیگن کے مرکزی ریلوے اسٹیشن پر ایک ٹرین سے گرفتار کیا گیا جبکہ تیسرے شخص کو ڈنمارک کے دارالحکومت میں سے حراست میں لیا گیا۔ فوری طور پر یہ واضح نہیں ہوسکا کہ پولیس کے ہاتھوں گرفتار افراد کا ان دھماکوں سے کیا تعلق ہے۔
اسرائیلی سفارت خانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مقامی وقت کے مطابق صبح 3 بج کر 20 منٹ پر ہونے والے دھماکوں میں کوئی زخمی نہیں ہوا اور عمارت کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔
مزید پڑھیں:مالم جبہ دھماکا: سی ٹی ڈی نے مقدمہ درج کرلیا، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے رپورٹ طلب کرلی
کوپن ہیگن پولیس کے ڈپٹی اسسٹنٹ کمشنر جیکب ہینسن نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ یہ واضح ہے کہ اسرائیلی سفارت خانہ قریبی علاقے میں ہے اور یہ فطری طور پر ایک زاویہ ہے جسے ہم دیکھتے ہیں۔
سفارت خانے کے ارد گرد کے علاقے کا محاصرہ کر لیا گیا اور مسلح ڈنمارک کے فوجی اہلکار پہرہ دے رہے ہیں جبکہ تفتیش کاروں کو کورول سوٹ پہنے ہوئے شواہد کی تلاش کرتے ہوئے دیکھا گیا۔
ڈنمارک پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ دھماکے مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پس منظر میں ہوئے ہیں جب ایران نے اسرائیل پر بڑے پیمانے پر میزائل حملے کیے ہیں۔
لبنان میں ایران کی حمایت یافتہ حزب اللہ سے لڑنے والے اسرائیل نے جوابی کارروائی کا وعدہ کیا ہے جس سے وسیع پیمانے پر جنگ کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:کوئٹہ: کچلاک میں پولیس وین کے قریب دھماکا، 2 پولیس اہلکار شہید 1 زخمی
ڈنمارک میں یہودی کمیونٹی کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ڈنمارک کے دارالحکومت میں سفارت خانے کے قریب واقع ایک یہودی اسکول کیرولینسکولن بدھ کو بھی بند رہے گا کیونکہ یہ جائے وقوعہ سے قریب ہے۔
ہمسایہ ملک سویڈن میں اسرائیل کے سفارت خانے کے قریب حال ہی میں سیکیورٹی کے متعدد واقعات پیش آئے ہیں، جہاں پولیس نے منگل کو کہا تھا کہ وہ علاقے میں مشتبہ فائرنگ کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
جنوری میں اسٹاک ہوم پولیس کے بم اسکواڈ نے اسرائیلی سفارت خانے کی عمارت کے باہر ایک بم کو ناکارہ بنانے کا دعویٰ بھی کیا ہے۔
سویڈن میں ہونے والے ان واقعات میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔